Aug ۰۷, ۲۰۲۴ ۱۰:۲۸ Asia/Tehran
  • ہندوستان میں بنگلہ دیش کی صورت حال پر غور و خوض

ہندوستان کے وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے کہا ہے کہ جب تک بنگلہ دیش میں حالات معمول پر نہیں آ جاتے ہندوستان گہری تشویش میں رہے گا۔

سحرنیوز/ہندوستان: ہندوستان کے وزیرخارجہ ایس جے شنکر نے منگل کو بنگلہ دیش کی تازہ ترین صورت حال پر راجیہ سبھا میں بیان دیتے ہوئے کہا کہ ہندوستانی حکومت بنگلہ دیش میں سیاسی صورت حال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور جب تک وہاں امن و امان کی صورت حال معمول پر نہیں آ جاتی ہندوستان اس وقت تک گہری تشویش میں رہے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت اپنے سفارتی مشنوں کے ذریعے وہاں مقیم ہندوستانی شہریوں کے ساتھ باقاعدہ رابطہ برقرار رکھے ہوئے ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ہم نے بنگلہ دیش میں تمام فریقوں کو یکساں تحمل سے کام لینے کا مشورہ دیا اور زور دیا کہ بات چیت کے ذریعے صورتحال کو معمول پر لایا جائے۔ ہم نے ایسی ہی درخواست مختلف سیاسی طاقتوں سے کی جن سے ہمارا رابطہ تھا۔
ہندوستان کے وزیر خارجہ نے کہا کہ اکیس جولائی کو سپریم کورٹ کے فیصلے کے باوجود عوامی مظاہروں میں کوئی کمی نہیں آئی۔ اس کے بعد وہاں کی حکومت کے فیصلوں اور اقدامات سے حالات سدھرنے کے بجائے مزید بگڑتے گئے اور تحریک اس مرحلے پر پہنچ گئی جہاں ایک ہی مطالبہ تھا کہ وزیر اعظم محترمہ حسینہ کو استعفیٰ دے دینا چاہیے۔

ٹیگس