عمر عبداللہ نے جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ کا حلف اٹھا لیا
نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے وزیر اعلیٰ کے عہدے کا حلف لیا۔ اس کے ساتھ ہی سریندر چودھری جموں و کشمیر کے نائب وزیر اعلیٰ بن گئے۔ اس کے علاوہ چار اور وزراء بھی کابینہ میں شامل ہوئے ہیں۔
سحر نیوز/ ہندوستان: ہندوستان کے زیر انتظام جموں و کشمیر میں 10 سال بعد نئی حکومت قائم ہوئی اور نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے وزیر اعلیٰ کے عہدے کا حلف لیا۔ اس کے ساتھ ہی سریندر چودھری جموں و کشمیر کے نائب وزیر اعلیٰ بن گئے۔ اور عمر عبداللہ کے ساتھ ستیش شرما، سکینہ ایتو نے بھی این سی سے وزراء کے طور پر حلف لیا ہے۔
ہر چند کہ کانگریس پارٹی حکومت میں شامل نہیں ہوئی ہے تاہم کانگریس نے عمرعبداللہ حکومت کو باہر سے حمایت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس سے قبل وزیرِ اعلیٰ عمر عبداللہ نے کہا تھا کہ وہ نئی دہلی میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی حکومت کے ہوتے ہوئے آرٹیکل 370 کی بحالی ممکن نہیں ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا تھا کہ ملک میں کبھی نہ کبھی تو حکومت بدلے گی، کبھی نہ کبھی تو ایک نئی حکومت آئے گی اور ایسی حکومت آئے گی جس کے ساتھ بیٹھ کر ہم کم سے کم بات کر پائیں گے۔
خیال رہے کہ وزیر اعظم مودی کی حکومت نے اگست 2019 میں آئین سے آرٹیکل 370 کو حذف کردیا تھا جس کے تحت اس کے زیرِ انتظام کشمیر کو نیم خودمختار حیثیت اور خصوصی اختیارات حاصل تھے۔