امریکا بہادر نے ہندوستانی کمپنیوں پر بھی پابندیاں عائد کردیں
روس کو جنگی ساز و سامان دینے کے الزام میں امریکا نے انیس ہندوستانی کمپنیوں پر پابندیاں عائد کردیں۔
سحر نیوز/ ہندوستان:غیر ملکی میڈیا ذرائع کے مطابق امریکا کی جانب سے دنیا بھر کی تقریباً چار سو کمپنیوں اور افراد پر پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ امریکی وزارت خزانہ کے مطابق یہ پابندیاں روسی فوج کو جدید ٹیکنالوجی اور جنگی سامان فراہم کرنے پر عائد کی گئی ہیں۔
روس کی جانب سے یوکرین کے خلاف جنگ میں مدد فراہم کرنے والوں کے خلاف امریکا اور اس کے اتحادی ایسے اقدامات کرتے رہیں گے۔
ہندوستانی میڈیا کا کہنا ہے کہ امریکی پابندیوں کی زد میں انیس ہندوستانی کمپنیاں اور دو شخصیات آئی ہیں، امریکہ کے بقول ہندوستانی کمپنیاں روس کو الیکٹرانک، کمپیوٹر اور ایوی ایشن سے متعلق آلات فراہم کر رہی تھیں۔
امریکی پابندیوں پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ہندوستانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ ان کمپنیوں نے ہندوستانی قوانین کی خلاف ورزی نہیں کی ہے، معاملے پر امریکی حکام سے رابطے میں ہیں تاکہ مسئلہ حل کیا جا سکے۔