ہندوستان؛ اڈانی معاملے میں مرکزی حکومت پر تنقید، کانگریس پارٹی کے رہنما جے رام رمیش
ہندوستانی کانگریس پارٹی کے مرکزی رہنما جے رام رمیش نے اڈانی معاملے پر مودی حکومت کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت اپنی ہی تحقیقات کا حصہ کیسے ہو سکتی ہے؟
سحرنیوز/ہندوستان: کانگریس پارٹی نے اڈانی گروپ کے حوالے سے وزارتِ خارجہ کے ایک بیان پر سوالات اٹھائے ہیں اور مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ کانگریس پارٹی نے ایک بیان میں کہا کہ موجودہ حکومت خود اپنی ہی تحقیقات کا حصہ نہیں بن سکتی اور یہ رویہ مناسب نہیں ہے۔
یاد رہے کہ وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے جمعہ کو کہا تھا کہ اڈانی گروپ کے معاملے میں ہندوستانی حکومت کو پہلے سے مطلع نہیں کیا گیا تھا۔ کانگریس نے الزام عائد کیا ہے کہ مودی حکومت اس مسئلے پر پردہ ڈالنے کی کوشش کر رہی ہے۔
کانگریس نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت، اڈانی گروپ کے خلاف جاری بین الاقوامی تحقیقات پر اپنی پوزیشن واضح کرے اور عوام کے سامنے تمام حقائق پیش کرے تاکہ اعتماد بحال کیا جا سکے۔ کانگریس کا کہنا ہے کہ اڈانی گروپ سے جڑے معاملات میں شفافیت کی کمی ہے اور حکومت اس معاملے میں خود کو الگ رکھنے کا دعویٰ کرتے ہوئے بھی پوری طرح ملوث نظر آتی ہے۔