امت شاہ کے بیٹے جے شاہ نے آئی سی سی کی سنبھالی کمان
ہندوستانی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے سیکریٹری جے شاہ نے کرکٹ کی عالمی گورننگ باڈی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی چیئرمین شپ سنبھال لی۔
سحرنیوز/ہندوستان: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ جے شاہ نے آئی سی سی کے چیئرمین کی حیثیت سے اپنی ذمہ داری سنبھال لی۔آئی سی سی چیئرمین منتخب ہونے کے بعد اپنے پہلے بیان میں جے شاہ نے کہا کہ آئی سی سی چیئرمین شپ کی ذمے داری ان کے لیے اعزاز کی بات ہے، تمام بورڈ ممبران اور ڈائریکٹرز کی حمایت اور اعتماد کا شکر گزار ہوں۔
جے شاہ نے کہا کہ یہ کھیلوں کے لیے ایک دلچسپ وقت ہے کیونکہ ہم لاس اینجلس دوہزار اٹھائیس اولمپک کی تیاری کررہے ہیں اور ایسے میں ہم دنیا بھر میں شائقین کے لیے کرکٹ کو زیادہ پرکشش بنانے کی کوشش کررہے ہیں۔
یاد رہے کہ پینتیس سالہ جے شاہ آئی سی سی کے سب سے کم عمر چیئرمین ہوں گے اور اس عہدے پر ان کا انتخاب بلا مقابلہ ہوا ہے۔