ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں 5 مشتبہ عسکریت پسند ہلاک، دو فوجی اہلکار زخمی
موصولہ اطلاعات کے مطابق ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں سکیورٹی فورسز نے فائرنگ کے تبادلے میں پانچ مشتبہ عسکریت پسندوں کو ہلاک کر دیا ہے جبکہ دو فوجی اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔
سحرنیوز/ہندوستان: خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق جنوبی ضلع کلگام کے ایک گاؤں میں چھپے ہوئے باغیوں کے حوالے سے اطلاع ملنے پر فوج اور پولیس نے مشترکہ آپریشن کیا۔
جموں و کشمیر پولیس نے بتایا ہے کہ سیکیورٹی اہلکاروں اور عسکریت پسندوں کے درمیان فائرنگ اس وقت شروع ہوئی جب سیکیورٹی فورسز نے عسکریت پسندوں کی موجود گی کی اطلاع کے بعد علاقے کو محاصرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کیا۔
فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ عسکریت پسندوں نے سکیورٹی فورسز پر ’اندھا دھند اور بھاری فائرنگ کی‘ جس کے نتیجے میں لڑائی شروع ہوئی۔
بیان کے مطابق لڑائی میں پانچ عسکریت پسند ہلاک اور دو فوجی زخمی ہوئے ہیں جبکہ علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔