ہندوستان: گیس ٹینکر میں آگ لگنے سے 14 افراد ہلاک
ہندوستان کی ریاست راجستھان میں گیس ٹینکر میں آگ لگنے سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 14 ہوگئی ہے۔
سحرنیوز/ہندوستان: ہندوستانی میڈیا کے مطابق ہندوستان کی ریاست راجستھان کے دارالحکومت جے پور میں اجمیر-جے پور قومی شاہراہ پر گیس ٹینکر میں آگ لگنے کے بعد پیش آنے والے حادثے میں دو اور شدید زخمی افراد کی موت کے ساتھ ہی مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 14 ہو گئی ہے جبکہ تقریباً 35 افراد زخمی ہیں۔
حادثے میں پانچ افراد کی موقع پر ہی موت واقع ہوئی تھی، جبکہ شدید زخمیوں میں سے نو افراد نے اسپتال میں دم توڑا۔ زخمیوں کا سوائی مان سنگھ ہسپتال میں علاج جاری ہے، جہاں کچھ افراد کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔
جمعہ کی صبح جےپور-اجمیر قومی ہائی وے پر بھانکروٹا میں ایک پیٹرول پمپ کے قریب گیس ٹینکر کے دوسرے گاڑی سے ٹکرانے کے باعث آگ لگی، جس سے یہ حادثہ پیش آیا، جس میں آس پاس کے علاقے اور کئی گاڑیوں میں آگ لگ گئی تھی۔