حکومتی پالیسیوں سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں: مودی
ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ حکومتی پالیسیوں سے ملک میں روزگار کے نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔
سحرنیوز/ہندوستان: ہندوستانی میڈیا کے مطابق وزیر اعظم مودی نے آج روزگار میلے کے موقع پر ویڈیو کانفرنس کے ذریعے 71,000 سے زیادہ نو تعینات نوجوانوں میں تقرری لیٹر تقسیم کئے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ ان کی حکومت کی پالیسیوں اور فیصلوں سے ملک میں روزگار اور خود روزگار کے نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔
نئی تعلیمی پالیسی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک کئی عشروں سے نئے ہندوستان کی تعمیر کے لیے جدید تعلیمی نظام کی ضرورت محسوس کر رہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ملک اب قومی تعلیمی پالیسی کے ذریعے اس سمت میں آگے بڑھ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ زراعت کے شعبے میں نوجوانوں کی بڑی تعداد کو روزگار ملا ہے۔ خواتین کو بااختیار بنانے کو اپنی حکومت کی ترجیح قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ خواتین کو ہر شعبے میں خود انحصار بنایا جائے۔
واضح رہے کہ ہندوستان بھر میں 45 مقامات پر روزگار میلے کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ نئے تعینات ہونے والے اہلکاروں کو مرکزی حکومت کی مختلف وزارتوں اور محکموں میں تعینات کیا جائے گا۔