ہندوستان کے سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کا انتقال
ہندوستان کے سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ کا دہلی کے ایمس میں علاج کے دوران انتقال ہو گيا ہے۔
سحرنیوز/ہندوستان: موصولہ اطلاع کے مطابق، ہندوستان کے سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ کی طبیعت اچانک بگڑ گئی جس کے بعد انہیں دہلی کے ایمس میں داخل کرایا گیا۔ لیکن علاج کے دوران ان کا انتقال ہو گیا ہے۔ کانگریس نے اپنی تمام میٹنگ ملتوی کر دی ہے۔ 92 سالہ منموہن سنگھ کو سانس لینے میں شدید تکلیف ہو رہی تھی، جس کی وجہ سے انہیں ایمس میں داخل کرایا گیا تھا۔
ڈاکٹر منموہن سنگھ 2004 سے 2014 تک ہندوستان کے وزیر اعظم رہے۔ اس سے پہلے وہ ہندوستان کے وزیر خزانہ اور فنانس سکریٹری بھی رہ چکے ہیں۔ نرسمہا راؤ کی حکومت کے دوران معیشت کو آزاد کرنے میں ان کا اہم کردار سمجھا جاتا ہے۔
ڈاکٹر منموہن سنگھ 26 ستمبر 1932 کو غیر منقسم ہندوستان کے صوبہ پنجاب کے ایک گاؤں میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے 1948 میں پنجاب یونیورسٹی سے میٹرک مکمل کیا۔ اس کے بعد انہوں نے مزید تعلیم برطانیہ کی کیمبرج یونیورسٹی سے حاصل کی۔ 1957 میں انہوں نے معاشیات میں فرسٹ کلاس آنرز کی ڈگری حاصل کی۔ اس کے بعد 1962 میں آکسفورڈ یونیورسٹی کے نفیلڈ کالج سے اکنامکس میں ڈی فل کیا۔ ڈاکٹر منموہن سنگھ اور ان کی اہلیہ گرشرن کور کی تین بیٹیاں ہیں۔
ہندوستان کے چودہویں وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ اپنی عاجزی، محنت اور کام کے تئیں عزم کے لیے جانے جاتے ہیں۔ منموہن سنگھ سال 1971 میں وزارت تجارت میں اقتصادی مشیر کے طور پر شامل ہوئے۔ 1972 میں انہیں وزارت خزانہ میں چیف اکنامک ایڈوائزر مقرر کیا گیا۔ ڈاکٹر سنگھ نے، سکریٹری، وزارت خزانہ؛ پلاننگ کمیشن کے ڈپٹی چیئرمین؛ ریزرو بینک آف انڈیا کے چیئرمین؛ وزیر اعظم کے مشیر؛ یونیورسٹی گرانٹس کمیشن کے چیئرمین کے طور پر بھی کام کیا۔ منموہن سنگھ 1991 سے 1996 تک ہندوستان کے وزیر خزانہ رہے۔ یہ وقت ملک کے معاشی ڈھانچے کے لیے بہت اہم تھا۔
ڈاکٹر منموہن سنگھ کو کئی اعزازات سے نوازا گیا ہے۔ ان میں اہم ہیں ہندوستان کا دوسرا سب سے بڑا شہری اعزاز پدم وبھوشن (1987)؛ انڈین سائنس کانگریس کا جواہر لعل نہرو پیدائشی صد سالہ ایوارڈ (1995)؛ سال کے وزیر خزانہ کے لیے ایشیا منی ایوارڈ (1993 اور 1994)؛ یورو منی ایوارڈ برائے فنانس منسٹر آف دی ایئر (1993)، کیمبرج یونیورسٹی کا ایڈم اسمتھ ایوارڈ (1956)؛ سینٹ جان کالج، کیمبرج (1955) میں امتیازی کارکردگی کے لیے رائٹ پرائز۔ ڈاکٹر سنگھ کو جاپانی نیہون کیزائی شمبن اور دیگر انجمنوں نے اعزاز سے نوازا۔ ڈاکٹر سنگھ کو کیمبرج اور آکسفورڈ اور کئی دیگر یونیورسٹیوں نے اعزازی ڈگریاں دی ہیں۔