Dec ۲۸, ۲۰۲۴ ۰۸:۵۵ Asia/Tehran
  • ہندوستان: مرکزی کابینہ کا منموہن سنگھ کو خراج عقیدت

ہندوستان کی مرکزی کابینہ نے سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کی یاد میں کل دو منٹ کی خاموشی اختیار کر کے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔

سحرنیوز/ہندوستان:  ہندوستانی میڈیا کے مطابق وزیر اعظم نریندر مودی کی زیر صدارت منعقدہ مرکزی کابینہ کی میٹنگ نے ڈاکٹر منموہن سنگھ کی یاد میں ایک تعزیتی قرارداد بھی منظور کی اور فیصلہ کیا کہ ان کی آخری رسومات سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی جائیں گی۔ کابینہ نے دو منٹ کی خاموشی کے ساتھ ڈاکٹر منموہن سنگھ کو خراج عقیدت پیش کیا۔قابل ذکر ہے کہ آنجہانی رہنما کے اعزاز میں یکم جنوری 2025 تک سات روزہ سرکاری سوگ کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس سوگ کے دوران ہندوستان بھر میں قومی پرچم نصف سر نگوں رہے گا۔ بیرون ملک تمام ہندوستانی مشنوں اور ہائی کمیشنوں میں ہندوستان کا پرچم بھی یکم جنوری 2025 تک سات دنوں تک نصف سر نگوں رہے گا۔

کابینہ کی میٹنگ میں فیصلہ کیا گیا کہ ڈاکٹر منموہن سنگھ کی آخری رسومات سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی جائیں گی۔ کابینہ کی میٹنگ آنجہانی رہنما کی آخری رسومات کے دن مرکزی حکومت کے تمام دفاتر اور سی پی ایس یو میں آدھے دن کی سرکاری تعطیل کا اعلان کیا گیا ۔
سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کے اعزاز میں میٹنگ میں منظور کی گئی تعزیتی قرارداد میں کہا گیا کہ کابینہ ہندوستان کے سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کے آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس) نئی دہلی میں 26 دسمبر 2024 کو المناک انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتی ہے۔

 

ٹیگس