ہندوستان کے مرکزی وزیر کی حضرت خواجہ معین الدین حسن چشتی کی درگاہ پر حاضری
ہندوستان کے مرکزی وزیر آج صبح وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے اجمیر میں حضرت خواجہ معین الدین حسن چشتی کی درگاہ پر چادر چڑھانے کے لیے جے پور پہنچے، جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔
سحر نیوز/ ہندوستان: رپورٹ کے مطابق ہندوستان کے مرکزی وزیر کرن رجیجو نے اجمیر درگاہ میں خواجہ صاحب کے آٹھ سو تیرھویں عرس کے موقع پر صبح 11خواجہ صاحب کی مقدس درگاہ پر یہ چادر چڑھائی ۔
اس سے قبل میڈیا سے بات کرتے ہوئے کرن رجیجو نے کہا کہ وہ ملک میں بھائی چارے اور امن کے وزیراعظم کے پیغام کے ساتھ اجمیر شریف جا رہے ہیں اور وہاں وہ نریندر مودی کی طرف سے چادر چڑھائیں گے اور ان کا پیغام پڑھ کر سنائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اجمیر درگاہ پر تمام مذاہب اور طبقات کے لوگ آتے ہیں اور آج وہ ملک کے وزیراعظم مودی کی طرف سے چادر لے کر آئے ہیں اور اس بار انہیں یہ موقع ملا ہے۔اس موقع پر ان کے ساتھ بی جے پی اقلیتی مورچہ کے قومی صدر جمال صدیقی بھی موجود تھے۔
واضح رہے کہ ہندوستان کے وزیراعظم کی جانب سے اجمیر درگاہ پر یہ چادر ایسی حالت میں چڑھائی گئی ہے کہ ہندوستان کے انتہا پسند ہندوؤں نے اجمیر میں حضرت خواجہ معین الدین حسن چشتی کی درگاہ کو بھی نشانہ بناتے ہوئے دعوی کیا ہے کہ یہ درگاہ مندر توڑ کر بنائی گئی ہے اور ایسے شرپسند عناصر کے خلاف ہندوستان کی حکومت کی جانب سے کوئی اقدام عمل نہیں لایا جاتا۔