Feb ۲۳, ۲۰۲۵ ۱۴:۰۷ Asia/Tehran
  • ہندوستان: آتشی دہلی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر

عام آدمی پارٹی (‏‏عآپ) نے اتوار کے روز اعلان کیا کہ سابق وزیر اعلیٰ آتشی دہلی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ہوں گی۔

سحرنیوز/ہندوستان:  ہندوستانی میڈیا کے مطابق عآپ کے ریاستی صدر گوپال رائے نے آج یہ اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج اے اے پی قانون ساز پارٹی کی میٹنگ ہوئی جس میں اراکین اسمبلی نے متفقہ طور پر آتشی کو اپوزیشن لیڈر منتخب کیا۔مسٹر گوپال رائے نے کہا کہ محترمہ آتشی نے دہلی کے وزیر اعلیٰ کے عہدے کی ذمہ داری کو بہت اچھے طریقے سے نبھایا ہے۔ اپوزیشن لیڈر کے طور پر، وہ کجریوال حکومت کی طرف سے کئے جانے والے کاموں کی حفاظت کے ساتھ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی طرف سے عوام سے کئے جانے والے وعدوں کو پورا کروانے کے لئے ذمہ دار ہوں گی۔اپوزیشن لیڈر منتخب ہونے کے بعد آتشی نے کہا، "میں پارٹی کے قومی کنوینر اروند کیجریوال اور تمام اراکین اسمبلی کا شکریہ ادا کرتی ہوں جنہوں نے مجھے اپوزیشن کا لیڈر بنایا ہے۔ بی جے پی نے جو بھی وعدے کیے، اپوزیشن کی حیثیت سے ہم ان تمام وعدوں کو پورا کروانے کی ذمہ داری لیں گے۔انہوں نے کہا، "دہلی کے لوگوں نے ہمیں اپوزیشن کا کردار سونپا ہے، اور مضبوط اپوزیشن کے طور پر ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ بی جے پی حکومت دہلی کے لوگوں سے کیے گئے اپنے تمام وعدے پورے کرے۔ مودی جی نے دہلی کی تمام خواتین کو ماہانہ 2500 روپے دینے کی ضمانت دی تھی۔ ہم بی جے پی حکومت سے یہ وعدہ ضرور پورا کروائیں گے۔ '‏عآپ' عوامی مسائل کو ایوان میں پوری طاقت کے ساتھ اٹھائے گی۔ پارٹی کی طرف سے دہلی اور دہلی والوں کے حقوق کی جنگ جاری رہے گی۔

ٹیگس