ہندوستان: دہلی اسمبلی کے اسپیکر وجیندر گپتا نے سابقہ حکومت پر آئين کی خلاف ورزی کا الزام عائد کر دیا
دہلی اسمبلی کے اسپیکر وجیندر گپتا نے کہا ہے کہ پچھلی حکومت نے جان بوجھ کر اور منظم طریقے سے سی اے جی کی رپورٹ ایوان میں پیش نہ کرکے آئینی دفعات کی خلاف ورزی کی ہے۔
سحرنیوز/ہندوستان: ہندوستانی میڈیا کے مطابق کمپٹرولر اینڈ آڈیٹر جنرل (سی اے جی) کی رپورٹ کو دبانے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دہلی اسمبلی کے اسپیکر وجیندر گپتا نے منگل کو کہا کہ پچھلی حکومت نے جان بوجھ کر اور منظم طریقے سے سی اے جی کی رپورٹ ایوان میں پیش نہ کرکے آئینی دفعات کی خلاف ورزی کی ہے۔مسٹر گپتا نے آج ایوان میں سی اے جی کی رپورٹ پر مختصر بحث کے بعد کہا کہ "رپورٹ کی پیشکشی کا ایک پس منظر ہے جس کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے تاکہ اس ایوان کے ہمارے اراکین اس رپورٹ پر بحث میں مؤثر طریقے سے حصہ لے سکیں جو آج ایوان میں زیر غور ہے۔" یہ اس لیے بھی اہم ہے کیونکہ ہمارے بہت سے اراکین پہلی بار منتخب ہو رہے ہیں اور یہ پس منظر انہیں بحث میں تعمیری طور پر حصہ لینے میں مدد دے گا۔