ہندوستان غلط اطلاعات اور گمراہ کن معلومات میں سرفہرست ہے : ملک ارجن کھڑگے
ہندوستان کی کانگریس پارٹی کے صدر ملک ارجن کھڑگے نے ہندوستان کو غلط اطلاعات اور گمراہ کن معلومات میں سرفہرست ملک قرار دیتے ہوئے مودی حکومت پر حق اطلاعات (آر ٹی آئی) قانون کو کمزور کرنے کا الزام لگایا ہے۔
سحرنیوز/ہندوستان: ہندوستانی میڈیا کے مطابق کانگریس صدر ملک ارجن کھڑگے نے آج حکومت پر ڈیٹا تحفظ قانون کے نام پر حق اطلاعات (آر ٹی آئی) قانون کو کمزور کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ راشن کارڈ، منریگا اور عوامی بہبود کی اسکیموں میں دھوکہ دہی کرنے والوں اور سرکاری بینکوں سے قرض لے کر بیرون ملک فرار ہونے والوں کے ناموں کو عام کیا جانا چاہئے۔ مسٹر کھڑگے نے کہا کہ ایک طرف ہندوستان گزشتہ چند برسوں سے غلط اطلاعات اور گمراہ کن معلومات میں سرفہرست ہے تو دوسری طرف مودی حکومت ڈیٹا پروٹیکشن قانون لا کر کانگریس کی قیادت والی متحدہ ترقی پسند اتحاد (یو پی اے) کی حکومت کے ذریعہ پہلے نافذ کردہ اطلاعات کے حق (آر ٹی آئی) کو کمزور کرنے پر آمادہ ہے۔ چاہے وہ پبلک سیکٹر میں معلومات ہوں جیسے راشن کارڈ کی فہرست، منریگا سے فائدہ اٹھانے والے مزدور، عوامی بہبود کی اسکیموں میں شامل لوگوں کے نام، انتخابات میں ووٹر لسٹ یا گھوٹالے کرنے والے ارب پتیوں کے نام جو سرکاری بینکوں سے قرض لے کر بیرون ملک فرار ہو جاتے ہیں، ان سب کے ناموں کو عوام کے دیکھنے کے لیے عام کیا جانا ضروری ہے۔ لیکن اب مودی حکومت ڈیٹا کے تحفظ کے نام پر آر ٹی آئی کو کمزور کر رہی ہے، جس کی وجہ سے اب ایسے ناموں کو عام نہیں کیا جائے گا۔