چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں پہنچا ہندوستان، آسٹریلیا سے لیا ورلڈ کپ کا انتقام، کوہلی اور شمیع کا شاندار کھیل
ہندوستان چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں داخل ہوگیا،سیمی فائنل میں ہندوستان نے آسٹریلیا کو چار وکٹوں سے شکست دے کر ورلڈ کپ کا انتقام بھی لے لیا۔
سحرنیوز/ہندوستان: دبئ میں کھلے گئے چیمپئنز ٹرافی کے سیمی فائنل مقابلے میں ہندوستان کی ٹیم نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے آسٹریلیا کو چار وکٹوں سے شکست دے دی۔ اس فتح میں ایک جانب محمد شمیع کے تین وکٹوں کا ہاتھ رہا تو دوسری جانب ویراٹ کوہلی کے ساتھ کے ایل راہل اور ہاردک پانڈیا کی شاندار بتٹنگ کا بڑا ہاتھ رہا۔ جس کے سبب ہندوستان نے 265کے ٹارگٹ کو چھ وکٹوں کے نقصان پر پار کرلیا۔

راہل کے شاندار چھکے کے ساتھ ہندوستان نے فائنل کا ٹکٹ حاصل کیا تو ٹیم ہندوستان خوشی سے جھوم رہی اٹھی۔ کھلاڑی ایک دوسرے سے گلے مل رہے تھے کیونکہ اس جیت پر سکون کے ساتھ ہی ورلڈ کپ کے انتقام کا جشن بھی تھا۔

منگل کو دبئی کرکٹ سٹیڈیم میں ہندوستان نے 265 رنز کا ہدف 49 ویں اورز کی پہلی گیند پر حاصل کر لیا۔ کوہلی نے اپنی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا اور 84 رنز بنائے۔ جبکہ شریاس ائیر 45 اور کے ایل راہل 42 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ آسٹریلیا کی جانب سے نیتھن ایلس اور ایڈم زمپا نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ اس سے قبل آسٹریلیا کی پوری ٹیم میچ اننگز کے آخری اوور میں 264بنا کر آؤٹ ہوئی تھی۔

آسٹریلیا کی جانب سے اسٹیو اسمتھ اور ایلکس کیری نے نصف سنچریاں اسکور کیں۔ اسٹیو اسمتھ نے 73 اور کیری نے 61 رنز بنائے۔ جب کہ ٹریوس ہیڈ نے 39 اور لیبوشگن نے 29 رنز بنائے۔ ہندوستانکی جانب سے محمد شمیع نے تین جبکہ ورون چکرورتی اور رویندرا جدیجا نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔