Apr ۰۷, ۲۰۲۵ ۰۶:۵۹ Asia/Tehran
  • ہندوستان میں وقف ترمیمی ایکٹ کا گزٹ نوٹیفکیشن

ہندوستان میں متنازعہ وقف ترمیمی ایکٹ گزٹ آف انڈیا میں نوٹیفائی کردیا گیا۔

سحرنیوز/ہندوستان: نئی دہلی سے موصولہ رپورٹ کے مطابق ہندوستان کی مرکزی وزارت قانون نے متنازعہ وقف ترمیمی ایکٹ کو گزٹ کردیا۔مسلمانوں، سول سوسائٹی اور حزب اختلاف کی سبھی جماعتوں کی سخت مخالفت کے باوجود پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں سے پاس ہونے والے وقف ترمیمی بل پر ہندوستان کی صدر مرمو نے گزشتہ روز ہی دستخط کردیئے تھے۔
ہندوستان کی مرکزی وزارت قانون نے اس ایکٹ کو گزٹ آف انڈیا ميں ایسی حالت میں باضابطہ نوٹیفائی کردیا ہے کہ ہندوستان کی مختلف مسلم تنظیموں نے اس کے خلاف ملک گیرمہم کا اعلان کیا ہے۔اس بل کی ہندوستان کی حزب اختلاف کی سبھی جماعتوں نے سخت مخالفت کی لیکن پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں سے یہ بل سادہ اکثریت سے پاس ہوگیا جس کے بعد صدر مرمو نے اس پر دستخط کرکے اس متنازعہ بل کو قانون میں تبدیل کردیا۔
ہندوستان کی مرکزی حکومت اور بی جے پی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ یہ بل غریب مسلمانوں اور مسلم خواتین کے فائدے میں ہے لیکن مسلمان عوام اور حزب اختلاف کی جماعتیں اس کو بدنیتی پر مبنی قرار دیتی ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ اس کا مقصد مسلم اوقاف کی جائیدادوں کو ہڑپنا ہے۔

ٹیگس