Apr ۱۱, ۲۰۲۵ ۱۵:۴۹ Asia/Tehran
  • ہندوستان کے مختلف شہروں میں وقف ترمیمی بل کے خلاف مظاہرے

ہندوستان میں وقف بل اور قانون کے خلاف آج ممبئی، کولکتہ اور لکھنو سمیت مختلف شہروں میں مسلمانوں نے احتجاج کیا ہے۔

سحرنیوز/ہندوستان:  ہندوستانی میڈیا کے مطابق  ہندوستان میں متنازعہ وقف بل کی منظوری اور قانون کی شکل میں نافذ ہونے کے بعد آج ایک بار پھر ہندوستان کے مختلف شہروں میں مسلمانوں نے احتجاجی مظاہرے کئے ہيں۔ پرسنل لاء بورڈ نے اس بل کے خلاف مسلسل احتجاج کی کال دے دی ہے۔ آج ممبئی کولکتہ اور لکھنو سمیت مختلف شہروں میں مسلمانوں نے وقف بل اور قانون کے خلاف شدید احتجاج کیا اور اسے واپس لینے کا مطالبہ کیا۔ ممبئی میں بڑی تعداد میں مسلمانوں نے نماز جمعہ کے بعد وقف قانون کے خلاف سڑکوں پر اتر کر احتجاج کیا۔ ممبئی پولیس نے کچھ مظاہرین کو حراست میں لے لیا جن میں مجلس اتحاد المسلمین کے رہنما وارث پٹھان بھی شامل ہیں ادھر کوکلتہ میں بھی طلبا نے سڑکوں پر اتر کر وقف قانون کے خلاف شدید احتجاج کیا اور اس قانون کو واپس لینے کا مطالبہ کیا ۔ لکھنو میں آصفی مسجد اور امام بارگاہ کے صحن میں وقف بل کے خلاف بڑا اجتماع ہوا اور حکومت کے اس فیصلے کی شدید مخالفت کی گئی اس درمیان آل انڈیا مسلم پرسنل بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ گیارہ اپریل سے آئندہ سات جولائی تک پورے ملک میں پرامن طریقے سے وقف بچاؤ مہم جلائی جائے گی۔

 

ٹیگس