Apr ۲۲, ۲۰۲۵ ۱۴:۱۹ Asia/Tehran
  • بجلی کی کٹوتی سے دہلی کے لوگ پریشان: آتشی

دہلی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر آتشی بجلی کی کٹوتی کے مسئلے پر حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

سحرنیوز/ہندوستان: سحرنیوز/ہندوستان:  ہندوستانی میڈیا کے مطابق دہلی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈراور عام آدمی پارٹی کی رہنما آتشی نے کہا کہ شدید گرمی میں شہر کے مختلف حصوں میں رات کو گھنٹوں بجلی کی کٹوتی سے لوگ پریشان ہیں۔ اور وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا دہلی کے لوگوں کا مذاق اڑا رہی ہیں.

 دہلی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر آتشی نے آج ایک ویڈیو جاری کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا کو دہلی کے لوگوں کا مذاق بنانے کے بجائے بجلی کی کٹوتی کا مسئلہ حل کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ بجلی کی کٹوتی سے دہلی والے پریشان ہیں۔ 40 ڈگری کی شدید گرمی میں، دہلی کے مختلف حصوں میں رات کے وقت گھنٹوں بجلی کی کٹوتی ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے کہا ہے کہ دہلی میں کہیں بھی بجلی کی کٹوتی نہیں ہوئی ہے، لوگ خود اپنی لائٹیں بند کر کے کینڈل لائٹ ڈنر کر رہے ہیں۔

وزیر اعلیٰ سے سوال پوچھتے ہوئے محترمہ آتشی نے کہا کیا تمام دہلی والے سوشل میڈیا پر جھوٹ بول رہے ہیں؟  انہوں نے کہا کہ دہلی والوں کا مذاق نہ اڑائیں، لوگ بہت پریشان ہیں، ان کے بجلی کی کٹوتی کا مسئلہ حل کریں۔

انہوں نے کہاکہ کل دہلی میں درجہ حرارت 40 ڈگری سیلسیس تھا۔ بہت زیادہ گرمی تھی۔ رات کے وقت بھی درجہ حرارت بہت زیادہ تھا۔ اگر اس گرمی میں بجلی چلی جائے تو اس سے کافی پریشانی ہوتی ہے۔ اس کے باوجود کل دہلی کے مختلف حصوں میں بجلی کی طویل کٹوتی ہوئی۔

ٹیگس