May ۰۷, ۲۰۲۵ ۰۷:۰۷ Asia/Tehran

پاکستانی ذرائع کے مطابق ہندوستان نے بہاولپور اور مظفرآباد سمیت کئی پاکستانی مقامات پر حملے کیے ہیں۔

سحرنیوز/ہندوستان: موصولہ رپورٹ کے مطابق ہندوستانی مسلح افواج نے منگل کی رات پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے خلاف آپریشن شروع کیا۔
* ہندوستانی فوج نے پاکستان کے اندر مختلف مقامات پر میزائلی حملے کئے ہيں جس کے دوران ہندوستان کا دعوی ہے کہ دسیوں مبینہ دہشت گرد مارے گئے ہيں اور ان کے ٹھکانے تباہ کردئے گئے ہيں۔

* ہندوستان کا دعوی ہے کہ اس نے آّپریشن سندور کے تحت پاکستان کے اندر اور پاکستان کے زیرانتظام کمشیر میں نو ٹھکانوں کو میزائلی حملے کا نشانہ بنایا ہے جس میں لشکرطیبہ جیش محمد اور حزب المجاہدین کے اڈے شامل ہيں اور یہ سبھی اڈے تباہ ہوگئے ہيں۔

* ہندوستانی فوج کا دعوی ہے کہ اس نے پاکستان کی کسی بھی فوجی تنصیبات کو نشانہ نہيں بنایا ہے بلکہ اس نے صرف دہشت گردوں کے اڈوں اور کیمپوں پر حملہ کیا ہے اس حملے میں کوٹلی مظفرآباد مریدکہ اور بہاولپور میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کونشانہ بنایا گیا ہے۔

* پاکستان نے ہندوستان کے میزائلی حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہندوستان چھے مقامات پر حملے کئے ہیں اور پاکستانی فوج نے جوابی کارروائی کی ہے اور اس کا مزید جواب دیا جارہا ہے۔

* پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے کہا ہے کہ ہندوستانی میزائلی حملے میں احمدپور شرقیہ بہاولپور میں ایک مسجد کو نشانہ بنایا گیا ہے جس میں چھبیس عام شہری جاں بحق ہوئے ہيں اور ہم نقصانات کا تخمینہ لگا رہے ہيں۔

* ہندوستان کی جانب سے حملے کے بعد پاکستان بھر کے بڑے ایئرپورٹس پر فضائی ایمرجنسی نافذ فضائی حملوں کے بعد ہندوستان میں بھی ایلرٹ، انڈیگو اور ایئر انڈیا نے کئی پروازیں منسوخ کر دیں۔

* پاکستانی فوج نے ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں ہندوستانی فوج کا انفنٹری بریگيڈ کا ہیڈکوارٹر تباہ کرنے کا دعوی کیا ہے۔ پاکستانی فوج کا کہنا ہے کہ ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں انفرنٹری بریگيڈ کے ہیڈکوارٹر پر حملے کے بعد ہندوستانی فوج نے چورا کمپلیکس پر سفید جھنڈا لہرا دیا ہے۔

* ہندوستان کے میزائلی حملے کے بعد پاکستان کی فضائی حدود بند اور تمام پروازیں منسوخ کردی گئی ہيں۔ پاکستانی ایوی ایشن کے بیان میں کہا گیا ہے کہ فضائی حدود کو اڑتالیس گھنٹوں کے لئے بند کردیا گيا ہے۔ اسلام آباد اور ديگر بڑے شہروں کی پروازوں کا رخ موڑ دیا گيا۔

ٹیگس