جنگ بندی میں امریکہ کا کوئی کردار نہیں؛ مودی
ہندوستان کے وزیراعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ جنگ بندی میں کسی ملک کا کوئی کردار نہیں ہے۔
سحرنیوز/ہندوستان: ہندوستانی وزیر اعظم مودی نے نئی دہلی میں منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ میں واضح کیا کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان حالیہ جنگ بندی دو طرفہ معاہدے کا نتیجہ ہے، جس میں کسی تیسرے فریق کا کوئی کردار نہیں تھا۔ ہندوستانی وزيراعظم کا یہ بیان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ان دعوؤں کے جواب میں آیا ہے جس میں انہوں نے ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کشیدگی کو کم کرنے میں اپنی انتظامیہ کی ثالثی کا کریڈٹ لیا تھا۔ بی جے پی کی زیر قیادت این ڈی اے کی حکومت والی ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ اور نائب وزرائے اعلیٰ کی میٹنگ میں نریندر مودی نے آپریشن سندور کا حوالہ دیتے ہوئے یہ بیان دیا ہے۔
ہندوستانی وزیراعظم کا یہ بیان اس لئے اہمیت کا حامل ہے کیونکہ امریکی صدر ٹرمپ کئی مواقع پر یہ دعویٰ کر چکے ہیں کہ ان کی انتظامیہ نے تجارت کو ایک آلے کے طور پر استعمال کرتے ہوئے ہندوستان پاکستان فوجی کشیدگی کو حل کیا۔
ٹرمپ نے کہا تھا کہ ہم نے ہندوستان اور پاکستان کے درمیان پورا معاملہ حل کر لیا ہے۔ مجھے لگتا ہے کہ یہ کاروبار کے ذریعے ہوا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ان کی حکومت نے دونوں ممالک کے درمیان بڑھتی ہوئی گولہ باری کو روکنے کے لیے مداخلت کی۔