ہندوستان کی شمال مشرقی ریاستوں میں بارش و سیلاب سے بڑے پیمانے پر تباہی، آسام میں بارش کا 132 سال کا ریکارڈ ٹوٹا
ہندوستان کی شمال مشرقی ریاستوں میں بارش اور سیلاب سے تباہی مچ گئی ہے اور بہت سے علاقے زیر آب آگئے ہیں۔
ہندوستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق، منی پور، سکم اور آسام سمیت مختلف شمالی مشرقی ریاستوں میں شدیدبارش، سیلاب، بجلی گرنے اور زمین کھسکنے کے واقعات میں درجنوں افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ رپوٹوں کے مطابق منی پور اور سکم میں حالات زیادہ خراب ہیں۔ منی پورمیں بچاؤ اور راحت کے کام کے لئے فوج طلب کرلی گئی ہے۔

سکم میں بھی سیلاب نے تباہی مچادی ہے اور بہت سی سڑکیں اور بستیاں زیر آب چلی گئی ہیں۔ ریاست آسام میں بھی شدید بارشوں اور سیلاب کے نتیجے میں وسیع تباہی کی خبر ہے۔ اس کے علاوہ مغربی بنگال اور بعض دیگر شمالی مشرقی ریاستوں میں بھی سیلاب سے وسیع تباہی کی خبر ہے۔

قابل ذکر ہے کہ رواں سال شمال مشرق میں زیادہ بارش کا پیٹرن دیکھنے کو مل رہا ہے۔ جون کے پہلے ہی دن سِلچر میں صرف 24 گھنٹے میں 415.8 ملی میٹر بارش ہو گئی۔ اس نے ایک دن میں 132 سالہ پرانا ریکارڈ توڑ دیا۔ 1893 میں وہاں ایک دن میں 290.3 ملی میٹر بارش ہوئی تھی۔ ایسے ہی میگھالیہ میں 28 مئی سے 1 جون 2025 تک کئی اضلاع میں شدید بارش ہوئی ہے۔ ان میں سُہرا (چیراپنجی) اور ماوسینرام میں 796 ملی میٹر اور 774.5 ملی میٹر بارش درج کی گئی۔