Jul ۱۱, ۲۰۲۵ ۱۶:۵۲ Asia/Tehran
  • ہندوستان: کانگریس کا مودی کو سبکدوش ہونے کا مشورہ

ہندوستان میں حزب اختلاف کی جماعت کانگریس نے وزیراعظم نریندر مودی کی بڑھتی عمر کی طرف اشارہ کرتے ہوئے انھیں اقتدار سے سبکدوش ہو جانے کا مشورہ دیا ہے۔

سحرنیوز/ہندوستان: ہندوستانی میڈیا رپورٹ کے مطابق راشٹریہ سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے سربراہ موہن بھاگوت کے، اس بیان پر کانگریس نے شدید رد عمل ظاہر کیا ہے، کہ جس میں انہوں نے کہا تھا کہ جب کوئی شخص پچہتر برس کی عمر کو پہنچ جائے تو اسے دوسروں کو موقع دینا چاہیے۔ کانگریس نے اس بیان کو نہ صرف وزیراعظم نریندر مودی کے لیے اشارہ قرار دیا بلکہ اسے ایک سیاسی خوشخبری سے بھی تعبیر کیا۔ پون کھیڑا نے ویڈیو پیغام میں کہا، موہن بھاگوت نے ایک خوشخبری دی ہے کہ پچہتر سال کی عمر کے بعد انسان کو دوسروں کو موقع دینا چاہیے۔
خوشخبری اس لیے ہے کہ گیارہ ستمبر کو موہن بھاگوت خود پچہتر سال کے ہو رہے ہیں اور سترہ ستمبر کو نریندر مودی۔ میں اکثر سوچتا ہوں کہ اگر نریندر مودی سیاست میں نہ ہوتے تو کہاں ہوتے؟ شاید وہ بالی ووڈ میں ہوتے لیکن وہ بالی ووڈ میں نہیں گئے اور بالی ووڈ، بچ گیا لیکن ملک نہیں بچ پایا۔ بی جے پی نے کانگریسی رہنما کے اس بیان پر کڑی تنقید کی ہے۔

ٹیگس