ہندوستان: ایئر انڈیا طیارہ حادثے کی ابتدائی رپورٹ
ہندوستان کے شہر احمدآباد میں ایئر انڈیا طیارہ حادثے کی ابتدائی رپورٹ میں اہم انکشافات ہوئےہیں۔
ہندوستان: احمدآباد میں ایک ماہ قبل بارہ جون کو پیش آئے ایئر انڈیا کے طیارہ حادثے پر ابتدائی رپورٹ کے مطابق، طیارہ ٹیک آف کے چند ہی سیکنڈ کے بعد تباہ ہو گیا کیونکہ اس کے دونوں انجن ہوا میں ہی بند ہو گئے تھے۔ تحقیقات میں پتہ چلا ہے کہ فیول کٹ آف سوئچز، جو عام طور پر پرواز مکمل ہونے کے بعد استعمال ہوتے ہیں، پرواز کے محض تین سیکنڈ بعد ’رن‘ سے ’کٹ آف‘ کی پوزیشن میں چلے گئے جس کے بعد دونوں انجنوں کو ایندھن کی سپلائی رک گئی اور وہ بند ہو گئے۔ کاک پٹ وائس ریکارڈر کے مطابق، جب انجن بند ہوئے تو ایک پائلٹ نے دوسرے سے پوچھا، تم نے انجن کیوں بند کیا؟ دوسرے نے فوراً جواب دیا کہ میں نے نہیں کیا۔ اس ریکارڈ شدہ مکالمے کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ انجن بند کرنے کا عمل دانستہ نہیں تھا۔رپورٹ میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ حادثے میں کسی سازش یا دانستہ تخریب کاری کے کوئی شواہد نہیں ملے ہیں۔