جموں کشمیر کا ریاستی درجہ بحال کیا جائے؛ نریندر مودی کے نام راہل گاندھی کا خط
ہندوستان کی لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے جموں کشمیر کے ریاستی درجے کی بحالی کا مطالبہ کیا ہے۔
سحرنیوز/ہندوستان: ہندوستانی میڈیا کے مطابق لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے وزیر اعظم نریندرمودی کو ایک خط لکھا ہے جس میں انہوں نے لکھا ہے کہ گزشتہ پانچ برسوں سے جموں کشمیر کے عوام مکمل ریاستی درجے کو بحال کرنے کا مسلسل مطالبہ کر رہے ہیں اور ان کا یہ مطالبہ نہ صرف جائز ہے بلکہ ان کے آئینی اور جمہوری حقوق پر مبنی ہے۔ راہل گاندھی نے اپنے اس مکتوب میں لکھا ہے کہ آزاد ہندوستان میں جموں کشمیرکے معاملے کی نظیر نہیں ملتی۔ یہ پہلی بار ہے کہ ایک مکمل ریاست کو مرکز کے زیرانتظام علاقے میں تبدیل کر دیا گیا اور اس کوتقسیم بھی کردیا گیا۔
کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے جموں کشمیر کا ریاستی درجہ بحال کرنے کے حوالے سے مرکزی حکومت اورخود وزیراعظم نریندرمودی کے بیانات کا بھی اس خط میں تذکرہ کیا ہے اور مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ پارلیمان کے مانسون اجلاس کے دوران جموں کشمیر کو مکمل ریاست کا درجہ دینے کے لیے ایک بل پیش کیا جائے۔