Jul ۱۹, ۲۰۲۵ ۰۸:۱۶ Asia/Tehran
  • غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت پر مودی حکومت کیوں خاموش ہے؟ سینیئر کانگریسی لیڈر آنند شرما

ہندوستان کی حزب اختلاف کی جماعت کانگریس کے ایک سینیئر لیڈر آنند شرما نے غزہ میں جاری اسرائیلی حملے پر ہندوستان کی خاموشی کو حیران کن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کئی ممالک امید کر رہے تھے کہ ہندوستان اس مسئلہ پر کچھ ضرور بولے گا۔

سحرنیوز/ہندوستان: کانگریس کے ایوان بالا راجیہ سبھا کے رکن آنند شرما نے مرکزی حکومت کی خارجہ پالیسی پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ ہندوستانی خارجہ پالیسی انتشار کا شکار ہو چکی ہے جس کی وجہ سے ہندوستان کا عالمی اثر و رسوخ دن بہ دن کم ہوتا جا رہا ہے۔ یہ بیان انہوں نے ایک پریس کانفرنس میں دیا۔ آنند شرما نے کہا کہ حماس کے حملے کے بعد جس طرح سے فلسطین کے لوگوں پر حملے ہو رہے ہیں، ان کا قتل عام کیا جا رہا ہے اور وہاں فاقہ کشی کی نوبت آچکی ہے، وہ انتہائی قابل مذمت ہے۔
انہوں نے سوال کیا کہ جب ہندوستان کے اسرائیل اور فلسطین دونوں سے بہتر تعلقات ہیں تو ہندوستان نے اسرائیل سے حملہ روکنے کے لیے کیوں نہیں کہا؟ کانگریس لیڈر آنند شرما نے امریکہ سے ممکنہ ٹریڈ ڈیل پر بھی اپنی رائے پریس کانفرنس کے دوران ظاہر کی۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کے ساتھ کسی دباؤ میں ٹریڈ ڈیل نہیں کی جانی چاہیے۔ انہوں نے خاص طور سے زراعت اور ڈیری شعبہ کو لے کر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ شعبہ ہندوستان کے لیے حساس ہے اور انہیں فوری طور پر نہیں کھولا جا سکتا۔ آئندہ پارلیمانی اجلاس میں کانگریس اس مسئلہ کو اٹھائے گی اور حکومت سے ٹریڈ ڈیل کو لے کر وضاحت طلب کرے گی۔ 

ٹیگس