Jul ۱۹, ۲۰۲۵ ۱۴:۴۰ Asia/Tehran
  • ٹرمپ کے بیانات کا مودی حکومت جواب دے؛ جے رام رمیش

ہندوستان کی حزب اختلاف کی جماعت کانگریس کے ایک سینیئر لیڈر جے رام رمیش نے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے تازہ دعوے پر وزیر اعظم نریندر مودی سے پارلیمنٹ میں براہ راست اور واضح جواب دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

سحرنیوز/ہندوستان: ہندوستان کی حزب اختلاف کی جماعت کانگریس کے سینئر لیڈر اور رکن پارلیمان جے رام رمیش نے کہا ہے کہ امریکی صدر ٹرمپ نے اپنے تازہ بیان میں ایک بار پھر دعویٰ کیا ہے کہ ان کی مداخلت سے ہندوستان اور پاکستان کے درمیان جنگ رکی اور اس بار انہوں نے یہ بھی کہا کہ شاید ہندوستان کے پانچ جنگی طیارے مار گرائے گئے تھے۔ جے رام رمیش نے کہا کہ یہ چوبیسویں مرتبہ ہے جب امریکی صدر ٹرمپ نے یہ بات دہرائی ہے کہ امریکہ نے ہندوستان اور پاکستان، دونوں جوہری طاقتوں کے درمیان جنگ روک دی تھی اور دونوں ممالک نے امریکہ کے ساتھ تجارتی معاہدے کے لیے جنگ بندی پر رضامندی ظاہر کی تھی۔
کانگریس لیڈر نے زور دیا کہ اس بار ٹرمپ نے ایک نئی سنسنی خیز بات کہی ہے کہ شاید پانچ جنگی طیارے گرا دیے گئے تھے اور یہ بات چونکانے والی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نریندر مودی جو ماضی میں ہاؤڈی مودی اور نمستے ٹرمپ جیسی تقاریب میں ٹرمپ کے ساتھ جھپیاں ڈال چکے ہیں، انہیں اب پارلیمنٹ میں کھڑے ہوکر وضاحت پیش کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ یہ محض کسی اور وزیر یا لیڈر کے جواب دینے کا موقع نہیں ہے، بلکہ وزیر اعظم کو خود اس مسئلے پر ایوان میں کھڑے ہو کر جواب دینا ہوگا۔ پوری اپوزیشن اس مسئلے پر ایک خاص بحث کا مطالبہ کرے گی۔

ٹیگس