جو حکومت اپنے عوام کو تحفظ نہ دے سکے وہ چاہے جتنے آپریشن کر لے کوئی فائدہ نہیں: پرینکا گاندھی
ہندستان کی پارلیمنٹ میں 'آپریشن سندور' کو لے کر آج بھی زوردار بحث جاری ہے۔ جس کے دوران پرینکا گاندھی نے حکومت پر سیاحوں کو سیکورٹی فراہم نہ کرنے کا الزام لگایا۔
سحرنیوز/ہندوستان: ہندوستانی میڈیا کے مطابق پیر کو لوک سبھا میں بحث کی شروعات وزیر دفاع راجناتھ سنگھ کے خطاب سے ہوئی تھی، جو رات ایک بجے تک چلی۔ آج صبح ہندوستانی وزیر داخلہ امت شاہ نے ایوان کو مخاطب کرتے ہوئے بتایا کہ پہلگام کے وادی بیسرن میں چھبیس ہلاکتوں کے ذمے دار تینوں دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا ہے۔

دوسری جانب کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے پارلیمان میں تقریر کے دوران حکومت پر شدید حملہ کرتے ہوئے کہا کہ پہلگام کے وادی بیسرن میں جن چھبیس افراد کی جان گئی، ان میں سے پچیس ہندوستانی تھے، مگر حکومت نے اُنہیں کوئی سکیورٹی فراہم نہیں کی۔ پرینکا گاندھی نے کہا، ’’آپ چاہے جتنے بھی آپریشن کر لیں، اس سچ سے نہیں چھپا سکتے کہ ان لوگوں کو آپ نے تحفظ نہیں دیا۔ جب پاکستان کو اقوام متحدہ کی انسداد دہشت گردی کمیٹی کا سربراہ بنا دیا گیا تو آپریشن سندور کو سب سے بڑا دھچکا لگا۔ یہ کس کی ناکامی ہے؟