ہندوستان: راہل گاندھی کی ووٹ ادھیکار ریلی جاری
ہندوستان کی ریاست بہار میں راہل گاندھی کی قیادت میں ووٹر ادھیکار ریلی جاری ہے ۔
سحرنیوز/ہندوستان: ہندوستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق راہل گاندھی کی قیادت ميں ووٹر ادھیکار ریلی کو زبردست عوامی حمایت مل رہی ہے اور ہر گزرتے دن کے ساتھ اس ریلی میں عوام کی شرکت بڑھتی جارہی ہے۔یاد رہے کہ ہندوستانی اپوزیشن کے انڈیا اتحاد کی یہ ریلی سترہ اگست کو بہار کے علاقے سہسرام سے شروع ہوئی ہے اور سولہ دن میں ایک ہزار تین سو کلومیٹر کی مسافت طے کرکے یکم ستمبر کو پٹنہ پہنچ کر ختم ہوگی۔
حزب اختلاف کا کہنا ہے کہ عوام کے ووٹنگ رائٹ کے تحفظ کے لئے نکالی جانے والی یہ ریلی اب ایک ملک گیر تحریک بن گئی ہے۔
رپورٹوں کے مطابق آرجے ڈی کے رہنما تیجسوی یادو شروع سے ہی اس ریلی میں راہل گاندھی کے ساتھ چل رہے ہیں، اب انڈیا اتحاد کے دیگر رہنماؤں،سماج وادی پارٹی کے رہنما اکھلیش یادو، اور تامل ناڈو، کرناٹک، جھارکھنڈ ، تلنگانہ اور ہماچل پردیش کے وزرائے اعلا سمیت کئی اہم اپوزیشن رہنماؤں نے بھی ریلی میں شرکت کا اعلان کردیا ہے۔