Aug ۲۶, ۲۰۲۵ ۱۰:۵۳ Asia/Tehran
  •  ہندوستانہندوستان: لینڈ سلائڈز اور سیلاب کا خطرہ، پہاڑی علاقوں میں ریڈ الرٹ

موسمی حالات کے پیش نظر ہماچل و کشمیر میں تعلیمی ادارے بند، عوام کو محتاط رہنے کی ہدایت

سحرنیوز/ہندوستان: مسلسل بارش نے شمالی ہندوستان کی پہاڑی ریاستوں ہماچل پردیش، جموں و کشمیر اور اتراکھنڈ میں تباہی مچا دی ہے۔ لینڈ سلائڈز کے باعث کئی اہم شاہراہیں بند ہو چکی ہیں اور یاترائیں ملتوی کر دی گئی ہیں۔

ہماچل میں منی مہیش یاترا کے دوران 800 سے زائد یاتری پھنسے ہوئے ہیں، جبکہ تین یاتری آکسیجن کی کمی کے باعث جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ چنڈی گڑھ، منالی ہائی وے پر لینڈ سلائڈز سے گاڑیاں متاثر ہوئیں اور پونگ ڈیم کی سطح خطرناک حد تک بڑھ گئی ہے۔

جموں و کشمیر میں محکمہ موسمیات نے ریڈ الرٹ جاری کیا ہے، جس کے تحت اسکول بند کر دیے گئے ہیں اور سیلاب و بادل پھٹنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ کشمیر کے بلند علاقوں میں برفباری ہوئی ہے، جبکہ جموں، پٹھان کوٹ ہائی وے پر مرمت کے بعد آمد و رفت بحال کی گئی ہے۔

اتراکھنڈ میں گنگوتری، یمونوتری، بدری ناتھ اور کیدار ناتھ کی یاترائیں بارش اور لینڈ سلائڈز سے متاثر ہو رہی ہیں، اوراس ریاست کی 90 سے زائد رابطہ سڑکیں بند ہیں۔ کئی اضلاع میں یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے، جبکہ اودھم پور میں شدید بارش سے درجنوں کچے مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔

مجموعی طور پر، پہاڑی علاقوں میں موسم کی شدت نے زندگی کو بری طرح متاثر کر دیا ہے۔

ٹیگس