Aug ۲۹, ۲۰۲۵ ۰۷:۰۶ Asia/Tehran
  • ووٹر ادھیکار یاترا، راہل گاندھی کی ایک بار پھر تنقید

ہندوستان کی ریاست بہار میں بارہویں دن بھی انڈیا اتحاد کی سربراہی میں ووٹر ادھیکار یاترا جاری رہی۔

سحرنیوز/ہندوستان: ہندوستانی میڈيا ذرائع سے موصولہ رپورٹ کے مطابق ریاست بہار میں جاری ووٹر ادھیکار یاترا سیتا مڑھی پہنچنے پر لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے خطاب کیا ۔ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ بہار میں اپوزیشن کی آواز دبانے اور عوام کے حقِ رائے دہی کو چھیننے کی سازش کی جا رہی ہے۔ ان کے مطابق ریاست میں تقریباً پینسٹھ لاکھ ووٹ کاٹے گئے ہیں اور ان میں بڑی تعداد دلتوں، پسماندہ طبقات، اقلیتوں اور غریبوں کی ہے۔راہل گاندھی نے کہاکہ کانگریس نے ثبوتوں کے ساتھ یہ ثابت کیا ہے کہ بی جے پی نے کرناٹک اسمبلی انتخابات میں ووٹ چرائے۔
ان کے مطابق جلد ہی لوک سبھا اور ہریانہ انتخابات سے متعلق شواہد بھی عوام کے سامنے رکھے جائیں گے تاکہ یہ دکھایا جا سکے کہ بی جے پی اور آر ایس ایس انتخابی عمل میں دھاندلی کر کے جیت حاصل کرتے ہیں۔راہل گاندھی نے آئین اور بابا صاحب امبیڈکر کے اصولوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہی آئین دلتوں، پسماندہ طبقات اور غریبوں کو عزت اور خود داری سے جینے کا حق دیتا ہے لیکن بی جے پی بقول ان کے یہ حقوق چھیننا چاہتی ہے۔

ٹیگس