Oct ۱۸, ۲۰۲۵ ۱۳:۲۰ Asia/Tehran
  • ہندوستان: ٹرین میں لگی آگ، غریب رتھ ایکسپریس کی تین بوگیاں جل کر ہوئیں خاک

پنجاب کے سر ہند اسٹیشن پر آج (سنیچر) صبح امرتسر سہرسہ غریب رتھ ایکسپریس کے ایک ڈبے میں آگ لگ گئی۔ ریلوے اور پولیس ٹیموں نے فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ کر مسافروں کو بحفاظت دوسرے ڈبوں میں منتقل کیا۔

سحرنیوز/ہندوستان: امرتسر سے سہرسہ جانے والی غریب رتھ ایکسپریس میں ہفتہ کی صبح آگ لگ گئی۔ آگ سے تین جنرل کوچز کو نقصان پہنچا ہے۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب غریب رتھ ایکسپریس پنجاب کے سرہند ریلوے اسٹیشن سے امبالہ کی طرف آدھا کلومیٹر دور پہنچی تھی۔ ٹرین کے ایک ڈبے سے دھواں نکلنے پر ٹرین کو روک دیا گیا۔ دیکھتے ہی دیکھتے آگ ٹرین کے تین ڈبوں تک پھیل گئی۔ حالانکہ مسافروں کو بحفاظت باہر نکال لیا گیا۔ کسی کے زخمی ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔

مقامی پولیس افسر کے مطابق اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریلوے کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور مسافروں کو بحفاظت باہر نکالا گیا۔ انہوں نے کہا کہ آک پر قابو پا لیا گیا ہے، صورت حال اب مکمل طور پر قابو میں ہے اور تمام مسافر محفوظ ہیں۔ ریلوے افسران نے بتایا کہ یہ واقعہ صبح تقریباً 7:30 بجے پیش آیا۔ ان کا کہنا تھا کہ آگ محدود حصے میں تھی اور اسے فوری طور پر بجھا دیا گیا۔

آگ لگنے کی وجہ تاحال واضح نہیں ہے تاہم تکنیکی خرابی یا شارٹ سرکٹ کو ممکنہ وجہ قرار دیا جا رہا ہے۔ ریلوے کے سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سر ہند اسٹیشن پر امرتسر سہرسہ غریب رتھ ایکسپریس (12204) کے ایک ڈبے میں آگ دیکھی گئی۔ 

ٹیگس