ہندوستان: ممبئی کی ایک کثیر منزلہ عمارت میں بھیانک آتش زدگی، 4 افراد ہلاک
ہندوستان کے معروف شہر ممبئی کے واشی علاقے میں ایک کثیرمنزلہ عمارت میں بھیانک آگ لگ گئی، جس کے نتیجے میں ایک بچی سمیت 4 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
سحرنیوز/ہندوستان: میڈیا ذرائع کی آج کی رپورٹ کے مطابق نوی ممبئی کے واشی علاقے میں گزشتہ رات ایک کثیرمنزلہ عمارت میں بھیانک آگ لگ گئی، آگ نے عمارت کی تین منزلوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔آگ کی زد میں آکرچار افراد کی موت ہوگئی جس میں ایک چھ سالہ بچی بھی شامل ہے۔
اطلاعات کے مطابق یہ واقعہ رات ایک بجے کے قریب واشی سیکٹر 14 میں راہیجا ریزیڈینسی ہاؤسنگ سوسائٹی میں اس وقت پیش آیا جب عمارت میں موجود سبھی لوگ سو رہے تھے۔ آگ دسویں منزل سے شروع ہوئی اور تیزی سے 11ویں اور 12ویں منزل تک پھیل گئی۔
فائر بریگیڈ کی 10 گاڑیاں جائے وقوعہ پر پہنچیں اور کافی مشقت کے بعد آگ پرقابو پالیا گیا۔ اس درمیان کئی افراد کو بحفاظت عمارت سے باہر نکالا گیا۔ دھوئیں کی وجہ سے کچھ افراد کو سانس لینے میں دشواری کا سامنا تھا جنہیں قریبی اسپتال میں داخل کرایا گیا۔
مقامی لوگوں کے مطابق آگ لگنے کے بعد عمارت کے اندر افراتفری مچ گئی، کئی افراد بالکونی میں پھنس گئے جنہیں بعد میں فائر بریگیڈ کے عملے نے سیڑھیوں اور ہائیڈرولک لفٹ کی مدد سے نیچے لایا گیا۔ابتدائی تحقیقات میں آگ لگنے کی وجہ شارٹ سرکٹ بتائی جا رہی ہے تاہم فائر بریگیڈ نے تحقیق شروع کر دی ہے۔