ہندوستان: بی جے پی کے ایک سب سے سینیئر لیڈر نتن گڈکری نے اپنی ہی پارٹی پر سخت تنقید کر ڈالی
اطلاعات کے مطابق بی جے پی کے ایک سب سے سینیئر لیڈر نتن گڈکری نے براہ راست اپنی پارٹی پر تنقید کی ہے اور کہا ہے کہ پارٹی جتنی تیزی سے اوپر گئی تھی اتنی ہی تیزی سے نیچے آجائے گی۔
سحرنیوز/ہندوستان: ناگپور سے موصولہ رپورٹ کے مطابق بی جے پی کے سینیئر لیڈر اور مرکزی وزیر نتن گڈکری نے بھرے جلسے میں کہا کہ پرانے کارکنان کو نظر انداز کرنے کی وجہ سے پارٹی جتنی تیزی سے اوپر گئی تھی اتنی ہی تیزی سے نیچے آجائے گی۔ نتن گڈکری نے ایک جلسے کے دوران پارٹی میں پرانے کارکنان کو نظر انداز کرکے نئے لوگوں کو ترجیح دینے کے سلسلے میں برہمی کا اظہار کیا۔
اطلاعات کے مطابق نتن گڈکری نے جلسے میں ریاسی وزیر چندرشیکھر باونکولے کی موجودگی میں ان کا نام لے کر کہا کہ باونکولے پرانے کارکنان کے ساتھ ناانصافی کر رہے ہیں۔ ریاست مہارا شٹر کے وزیر محصول چندرشیکھر باونکولے بی جے پی کے ریاستی صدر بھی رہ چکے ہیں۔
نتن گڈکری نے یہاں تک کہہ دیا کہ پرانے کارکنوں کو نظر انداز کرنے کی وجہ سے پارٹی جتنی تیزی سے اوپر گئی تھی اتنی ہی تیزی سے نیچے آجائے گی۔
نتن گڈکری نے ایک کہاوت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ "وہ جو کہا وت ہے کہ ’گھر کی مرغی دال برابر‘ کچھ ایسی ہی صورت حال بی جے پی میں بھی ہے۔" انہوں نے کہا "باہر سے آئے ہوئے لوگ ’سائوجی چکن‘ کی طرح میٹھے لگتے ہیں لیکن پرانے کارکنوں نے پارٹی کے لئے اپنی عمریں صرف کی ہیں، ان کی طرف توجہ دینی ضروری ہے۔"