ہندوستان: ایک غریب بھائی بہن، دونوں کی موت، مدد کے لئے نہیں پکار پائی بہن!
راجستھان کے ضلع باڑمیر میں ایک دردناک حادثہ ہوا جس میں ایک ہی گھر کے دو چراغ گُل ہوگئے۔ یہاں اپنے گھر کے قریب کھیلتے ہوئے 3 سال کا بچہ اور اس کی 8 سالہ چچا زاد بہن پانی کے ٹینک میں گر کر جاں بحق ہو گئے۔ یہ واردات چوہٹن تھانہ علاقہ کے تحت جونا لکھواڑہ گاؤں میں ہوئی۔
سحرنیوز/ہندوستان: تفصیل کے مطابق3 سالہ چھگن اور اس کی 8 سالہ چچا زاد پوجا پانی کی ٹنکی کے پاس کھیل رہے تھے جب یہ حادثہ پیش آیا۔ چھگن کی ماں مویشیوں کے لیے پانی بھر رہی تھی اور انہیں مویشیوں کو پانی دینے میں مصروف ہونے کی وجہ سے انہوں نے غلطی سے ٹینک کا ڈھکن کھلا چھوڑ دیا۔
اس دوران چھگن کھیلتے کھیلتے پانی کی ٹنکی میں گر گیا۔ اس کی چچا زاد بہن پوجا، جو قوت گویائی اورسماعت سے محروم تھی، مدد کے لیے پکار نہیں سکی اور اسے بچانے کے لیے خود ٹنکی میں کود پڑی۔ بدقسمتی سے دونوں بچوں کی ٹنکی میں ڈوبنے سے موت ہوگئی۔

اطلاع کے مطابق کچھ دیر بعد جب چھگن کی ماں واپس آئی تو اس نے اپنے بیٹے کی لاش ٹینک میں تیرتی دیکھی اور فوراً شور مچایا۔ گاؤں والے مدد کے لیے پہنچ گئے اور دونوں بچوں کو ٹنکی سے باہر نکالا، جنہیں چوہٹن اسپتال لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے انھیں مردہ قرار دے دیا۔