Oct ۲۸, ۲۰۲۵ ۱۰:۴۸ Asia/Tehran
  • ہندوستان: 8 ہزار اسکولوں میں ایک بھی طالب علم حاضر نہیں، 20 ہزار سے زیادہ اساتذہ حاضر

اطلاعات کے مطابق ایک رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ پورے ہندوستان میں تقریباً 8 ہزار ایسے اسکول ہیں جہاں ایک بھی طالب علم نہیں ہے لیکن 20 ہزار سے زیادہ اساتذہ موجود ہیں۔

سحرنیوز/ہندوستان: ہندوستانی ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق ملک کے تعلیمی نظام سے متعلق ایک تشویشناک اور حیران کن رپورٹ سامنے آئی ہے۔ وزارت تعلیم کی جانب سے جاری ایک رپورٹ کے مطابق پورے ملک میں 7993 اسکول ایسے ہیں جہاں ایک بھی طالب علم نہیں لیکن پھر بھی وہاں 20,817 اساتذہ بحال ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ہندوستان میں تقریباً 7993 ایسے اسکول ہیں جہاں تعلیمی سال 25 - 2024 میں ایک بھی طالب علم کا داخلہ نہیں ہوا ہے۔ یعنی یہ کہ یہ تمام اسکول مکمل طور سے خالی ہیں لیکن اساتذہ موجود ہیں جن کی تعداد20817 ہے۔

اطلاعات کے مطابق ایسے اسکولوں کی تعداد سب سے زیادہ 3812 مغربی بنگال میں ہے۔ مغربی بنگال میں 3812 اسکولوں میں ایک بھی طالب علم نہیں ہے، پھر بھی 17،965 اساتذہ ان اسکولوں میں کام کر رہے ہیں۔

مغربی بنگال کے بعد تلنگانہ دوسرے مقام پر ہے، جہاں 2245 خالی اسکولوں میں 1016 اساتذہ ہیں۔ تیسرے مقام پر مدھیہ پردیش ہے، جہاں 463 اسکول ایسے ہیں جن میں ایک بھی طالب علم نہیں ہے لیکن 223 اساتذہ موجود ہیں۔ رپورٹ کے مطابق اترپردیش میں بھی 81 اسکول اسی فہرست میں شامل ہیں۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال کے مقابلے میں رواں سال حالات کچھ بہتر ہوئے ہیں۔ 24 - 2023 میں پورے ملک میں 12954 اسکول ایسے تھے جہاں کوئی بھی طالب علم نہیں تھا جبکہ 25 - 2024 میں یہ تعداد گھٹ  کر 7993 رہ گئی ہے۔ یعنی تقریباً 38 فی صد کی کمی درج کی گئی ہے۔

 

ٹیگس