Oct ۲۸, ۲۰۲۵ ۱۷:۳۷ Asia/Tehran
  • ہندوستان: مسلم لڑکی لاؤ، نوکری پاؤ، بی جے پی لیڈر کا مسلمانوں کے خلاف متنازعہ بیان

ہندوستان کی ریاست اترپردیش میں بی جے پی لیڈر راگھویندر پرتاپ سنگھ نے مسلمانوں کے خلاف مبینہ متنازعہ بیان دیا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ "مسلم لڑکی لاؤ، نوکری پاؤ۔"

سحرنیوز/ہندوستان: ہندوستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق اتر پردیش کے ڈومریا گنج سے بی جے پی کے سابق ایم ایل اے راگھویندر پرتاپ سنگھ نے ایک میٹنگ میں مبینہ نفرت انگیز اور متنازعہ بیان دیا ہے۔ بی جے پی لیڈر نے اپنی تقریر میں کہا کہ "جو ہندو نوجوان مسلمان لڑکی کو لائے گا اسے نوکری دی جائے گی۔"

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو کے مطابق راگھویندر پرتاپ سنگھ نے واضح طور پر کہا کہ "ہم کسی بھی ہندو لڑکے کے لیے نوکری کا بندوبست کریں گے جو مسلمان لڑکی کو لے کر آئے گا۔"

ہندی اخبار "دینک بھاسکر" کی رپورٹ کے مطابق راگھویندر پرتاپ سنگھ نے کہا کہ ایک مہینے میں ڈومریا گنج میں دو ہندو لڑکیوں نے مسلم لڑکوں سے شادی کی ہے، دو کے بدلے کم سے کم دس مسلم لڑکیاں لاؤ اور ان کو ہندو بناؤ۔"

بی جے پی لیڈر نے مزید کہا کہ "تم 10 مسلم لڑکیوں کو لاؤ، شادی بیاہ کا پورا خرچہ ہم دیں گے اور سیکورٹی کی گارنٹی بھی ہم دیتے ہیں۔"

وائرل ہونے والی ویڈیو کے مطابق راگھویندر پرتاپ سنگھ دھنکھ پور گاؤں گئے تھے جہاں انہوں نے ایک جلسے میں تقریر کرتے ہوئے مذکورہ باتیں کہیں۔

ٹیگس