Nov ۰۷, ۲۰۲۵ ۰۷:۴۵ Asia/Tehran
  • ہندوستان: بہار اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے میں ریکارڈ توڑ 65 فی صد ووٹنگ

ہندوستان کی ریاست بہار میں اسمبلی انتخابات 2025 کے پہلے مرحلے میں تقریباً 65 فی صد ووٹنگ ہوئی ہے جو ایک ریکارڈ ہے۔

 سحرنیوز/ہندوستان: ہندوستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق ریاست بہار میں جمعرات کو اسمبلی انتخابات 2025 کے پہلے مرحلے میں 121 نشستوں کے لئے ووٹ ڈالے گئے اور ووٹنگ کا اوسط تقریباً 65 فی صد رہا۔

پہلے مرحلے میں 18 اضلاع کی 121 نشستوں کے لئے پولنگ ہوئی۔ ووٹنگ صبح 7 بجے شروع ہوئی اور شام 6 بجے تک جاری رہی حالانکہ سیکورٹی وجوہات کی بنا پر 56 بوتھوں پر ووٹنگ شام 5 بجے بند کر دی گئی تھی۔ ووٹنگ کے دوران رائے دہندگان میں، خاص طور سے خواتین اور نوجوانوں میں جوش و خروش دیکھا گیا۔ اِکا دُکا واقعات کو چھوڑ کر پولنگ مجموعی طور پر پُرامن رہی۔

پہلے مرحلے میں 45 ہزار سے زیادہ پولنگ اسٹیشنوں  پر 3 کروڑ  سے زیادہ ووٹروں  نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔ بہار کے چیف الیکٹورل آفیسر ونود کمار گنجیال نے بتایا کہ شہری علاقوں میں تقریباً 8,609 پولنگ اسٹیشن تھے جبکہ دیہی علاقوں میں 36,733 پولنگ اسٹیشن بنائے گئے تھے۔ مکمل طور پر خواتین کے ذریعہ چلائے گئے پولنگ اسٹیشنوں کی تعداد 926 تھی اور تمام پولنگ اسٹیشنوں سے لائیو ٹیلی کاسٹنگ ہوئی۔

پہلے مرحلے میں کل 1,314 امیدوار تھے جن میں 1,192 مرد اور 122 خواتین شامل ہیں۔ ووٹنگ کے دوران سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے تھے۔ اطلاعات کے مطابق ووٹنگ کے دوران لکھی سرائے میں بی جے پی امیدوار اور نائب وزیراعلیٰ وجےکمار سنہا کولوگوں کی مخالفت کا سامنا کرناپڑا اور دربھنگہ کے گھنشیام پور میں فرضی ووٹنگ کے الزام میں دو افراد کو گرفتار کیا گیا۔

بہار انتخابات کے پہلے مرحلے کی تکمیل کے ساتھ ہی تیجسوی یادو، تیج پرتاپ، نائب وزرائےاعلیٰ سمراٹ چودھری اور وجے کمار سنہا سمیت 15 وزرا کی قسمت ای وی ایم میں بند ہوگئی۔

حکمراں اتحاد این ڈی اے اور اپوزیشن اتحاد مہاگٹھ بندھن کے درمیان قریبی مقابلہ ہے جبکہ پرشانت کشور کی جن سوراج پارٹی تیسرے متبادل کے طور پر سامنے آئی ہے۔

دوسرے مرحلے میں 11 نومبر کو ووٹ ڈالے جائیں گے اور 14 نومبر کو ووٹوں کی گنتی ہوگی۔ 

 

ٹیگس