ہندوستان: ضمنی انتخابات: تلنگانہ اور راجستھان میں کانگریس کو کامیابی، کشمیر کی بڈگام سیٹ پر پی ڈی پی کی پہلی بار جیت
11 نومبر کو ہندوستان کی کئی ریاستوں میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں تلنگانہ اور راجستھان میں کانگریس نے کامیابی حاصل کی ہے جبکہ جموں و کشمیر کی بڈگام کی اہم سیٹ پر پی ڈی پی کا امیدوار جیتا ہے۔
سحرنیوز/ہندوستان: ہندوستانی میڈیا رپورٹ کے مطابق گزشتہ 11 نومبر کو 7 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقے کی 8 اسمبلی سیٹوں پر ووٹنگ ہوئی تھی، بہار اسمبلی انتخابات کے ساتھ ساتھ ان سیٹوں کے نتائج کا بھی اعلان کردیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق کانگریس نے راجستھان کی انتا اسمبلی سیٹ اور تلنگانہ کی جُبلی ہلز اسمبلی سیٹ پر کامیابی حاصل کی ہے۔ جموں و کشمیر بڈگام کی اہم سیٹ پر پی ڈی پی نے کامیابی حاصل کی ہے۔ اس نشست پر پی ڈی پی نے پہلی بار جیت حاصل کی ہے اور نیشنل کانفرنس کو پہلی بار شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ جموں و کشمیر کی ہی نگروٹا اسمبلی سیٹ بی جے پی کو ملی ہے۔
میزورم کی ڈمپا اسمبلی سیٹ پر میزو نیشنل فرنٹ نے جیت حاصل کی ہے۔ دیگر حلقوں میں پنجاب کی ترنتارن اسمبلی سیٹ پر عآپ امیدوار ہرمیت سنگھ سندھو کو جیت ملی ہے۔ اڈیشہ کی نوپاڈا اسمبلی سیٹ پر بی جے پی امیدوار جے ڈھولکیا کو کامیابی ملی ہے جبکہ جھارکھنڈ کی گھاٹ شلا اسمبلی سیٹ جے ایم ایم کے حصہ میں گئی ہے۔