Nov ۲۱, ۲۰۲۵ ۰۷:۵۴ Asia/Tehran
  • دو مشہور ہندوستانی پکوان ایک بار پھر بہترین پکوانوں کی عالمی فہرست میں شامل

عالمی فوڈ گائڈ نے دنیا کے بہترین مُرغ پکوانوں کی تازہ فہرست جاری کی ہے جس میں ایک بار پھر ہندوستان کے دو مشہور پکوان یا ڈِشز شامل ہیں۔

سحرنیوز/ہندوستان: دہلی سے موصولہ رپورٹ کے مطابق عالمی فوڈ گائڈ کی مشہور ویب سائٹ "ٹیسٹ اٹلس" نے دنیا کے بہترین مُرغ پکوانوں یا چِکن ڈِشز کی تازہ فہرست جاری کی ہے جس میں اس مرتبہ بھی ہندوستان کے دو مشہور پکوانوں "مکھنی مُرغ اور تندوری مُرغ" کو شامل کیا گیا ہے۔

ٹیسٹ اٹلس کی اس فہرست میں "بٹرچِکن" کو دنیا کی  پانچویں بہترین چِکن ڈِش قرار دیا گیا ہے۔ ٹیسٹ اٹلس نے اپنی ویب سائٹ پر لکھا ہے کہ "مکھنی مُرغ  یا بٹرچِکن شاید دنیا بھر میں سب سے معروف  ہندوستانی ڈِش ہے۔ اس کی ایجاد دہلی میں 1950 کے عشرے میں ہوئی لیکن آج یہ پوری دنیا میں ہندوستانی پکوانوں کی شناخت کہی جاسکتی ہے۔"

ٹیسٹ اٹلس نے جو فہرست جاری کی ہے اس میں پہلے نمبر پر تُرک چِکن ڈِش "چِکن توپ قاپی" ہے جس میں چِکن کے اندر پلاؤ یا بریانی بھری ہوتی ہے۔ یہ ترکی کا روایتی پکوان ہے اور عثمانی ترکوں کے  دَور سے پوری دنیا میں مشہور ہے۔

دوسرے نمبر پر مراکش کی مشہور چِکن ڈِش "رفیسہ" ہے۔ تیسرے نمبر پر جنوبی کوریا کا معروف "کورین فرائڈ چِکن" ہے جبکہ چوتھے نمبر پر جنوبی امریکی ملک پیرو کا "روسٹیڈ چکن" ہے۔

فہرست میں ہندوستانی پکوانوں میں جس پکوان کو سب سے زیادہ پسندیدہ قراردیا گيا ہے وہ ہے بٹر چِکن اور اس کو پانچویں مقام پر رکھا گیا ہے۔

واضح رہے کہ ٹیسٹ اٹلس کی فہرست میں ہندوستان کی ایک اور مشہور ڈش "تندوری مُرغ"  کو بھی مقام دیا گیا ہے، اس نے 14 ویں پوزیشن حاصل کی ہے۔ فہرست میں ایک اور ہندوستانی ڈِش 'چِکن تِکّہ' شامل ہے اور اس کا 35 واں مقام ہے۔ 

 

ٹیگس