Nov ۲۴, ۲۰۲۵ ۱۴:۴۳ Asia/Tehran
  • سینیئر بالی ووڈ اداکار دھرمیندرنے دنیائے فانی کو الوداع کہہ دیا

بالی ووڈ کے معروف اداکار دھرمیندر کا 89 سال کی عمر میں انتقال ہوگیا۔ وہ کچھ دن سے بیمار تھے۔

سحرنیوز/ہندوستان: اطلاعات کے مطابق بالی ووڈ کے معروف سینیئر اداکار دھرمیندر نے آج ممبئی میں اپنے گھر میں آخری سانس لی۔ دھرمیندر کا ممبئی کے ایک اسپتال میں کچھ دن سے علاج چل رہا تھا اور طبیعت خراب ہونے پر تقریباً 8-10 دن پہلے ان کے گھر والے اسپتال سے گھر لے آئے تھے۔

ان کے انتقال پر فلمی دنیا اور دنیا میں رہنے والے ان کے مداحوں نے گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ دھرمیندر ساٹھ برس سے زیادہ عرصے سے ہندوستانی سنیما کا اہم حصہ رہے اور "ہی مین" کے نام سے بھی مشہور ہوئے تھے۔ دھرمیندر نے بے شمار یادگار فلموں میں کام کیا لیکن 1975 میں آنے والی ان کی فلم "شعلے" نے تاریخ رقم کردی اور کئی اہم ریکارڈ بھی قائم کئے تھے۔ فلم شعلے نہ صرف ہندوستان بلکہ دنیا کے مختلف حصوں میں بھی پسند کی گئی۔ ایران میں بھی شعلے فلم پسند کرنے والوں کی بہت بڑی تعداد موجود ہے اور دھرمیندر کے مداح بھی ایران میں اچھی تعداد میں پائے جاتے ہیں نیز بعض ایرانی مداحوں کی نظر میں اداکاری میں دھرمیندر کا کوئی ہمسر نہیں ہے۔

قابل ذکر ہے کہ دھرمیندر کو اردو زبان پسند تھی اور وہ اپنی سوانح حیات بھی اردو میں لکھ رہے تھے جو ادھوری رہ گئی۔ دھرمیندر نے پرائمری اسکول میں فارسی بھی پڑھی تھی اور ایک گفتگو میں انہوں نے بتایا تھا کہ فارسی کی گردان ان کے لئے بہت سخت تھی لہذا وہ فارسی زیادہ نہیں پڑھ سکے۔

دھرمیندر سنہ 1968 میں اپنی فلم "شکار" کی ریلیز کے موقع پر تہران آئے تھے اور یہاں اپنے بہت سے مداحوں سے ملاقات بھی کی تھی۔

ہندی سنیما کا یہ معروف اداکار 8 دسمبر کو اپنی 90 ویں بہار دیکھتا لیکن اس سے چند دن پہلے ہی خزاں چلی آئی اور دھرمیندر کو 90 ویں سالگرہ منانے کا موقع نہیں دیا۔

ہمیں فالو کریں: 

Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok

ٹیگس