Dec ۰۶, ۲۰۲۵ ۱۱:۰۵ Asia/Tehran
  • ہندوستان: امیتابھ بچن ممبئی میں، آبائی شہر الہ آباد لیکن نام جھانسی کی ووٹر لسٹ میں، جہاں وہ کبھی گئے ہی نہیں

اطلاعات کے مطابق عالمی شہرت یافتہ ہندی فلم سُپر اسٹار امیتابھ بچّن کا نام جھانسی کی ووٹر لسٹ میں درج ملا ہے جہاں وہ کبھی گئے ہی نہیں۔

سحرنیوز/ہندوستان: ہندوستانی میڈیا ذرائع کی رپورٹوں کے مطابق ریاست اترپردیش کے ضلع جھانسی کی ایک ووٹر لسٹ میں عالمی شہرت یافتہ ہندی فلم اسٹار امیتابھ بچّن کے نام کا حیرت انگیز انکشاف ہوا ہے۔

عالمی شہرت یافتہ، بہترین اداکار کے طور پر سب سے زیادہ ایوارڈ حاصل کرنے والے ہندوستانی فلم اداکار اور بالی ووڈ شہنشاہ کے نام سے مشہور سُپر اسٹار امیتابھ بچّن ممبئی میں رہتے ہیں اور ریاست اتر پردیش کا مشہور شہر الہ آباد ان کا آبائی شہر ہے لیکن ان کا نام جھانسی کے محلے کچھیانہ کی ایک ووٹر لسٹ میں درج ملا ہے۔

اطلاعات کے مطابق امیتابھ کے ساتھ 2003 میں دنیا کو الوداع کہہ چُکے ان کے والد ہری وَنش رائے بچّن کا نام بھی اسی ووٹر لسٹ میں درج ہے۔ حیرت کی بات یہ ہے کہ جو پتہ مذکورہ ووٹر لسٹ میں امیتابھ بچن اور ان کے والد کے نام سے درج ہے اس پر امیتابھ یا ان کے والد کبھی بھی نہیں رہے۔ مذکورہ محلے کے لوگوں نے بتایا کہ امیتابھ بچن یا ان کے والد کبھی اس پتے پر آئے بھی نہیں ہیں اور نہ کبھی ان کو وہاں دیکھا گیا ہے۔ 

ہری ونش رائے بچن

 

واضح رہے کہ ہندوستان کی کئی ریاستوں میں انتخابی فہرستوں کی خصوصی گہری نظر ثانی (ایس آئی آر) کا عمل جاری ہے اور اسی عمل کے دوران جھانسی کی ایک ووٹر لسٹ میں امیتابھ بچن اور ان کے والد کے ناموں کا حیرت انگيز انکشاف ہوا ہے۔

مذکورہ پتے پر معلومات کرنے جب انتخابی کمیشن کے مقامی اہلکار گئے تو ان کو پتہ چلا کہ نہ صرف وہاں کبھی امتیابھ بچن یا ان کے اہل خانہ نہیں رہے بلکہ اب وہاں کوئی مکان بھی نہیں ہے۔ مذکورہ پتے پر اب ایک مندر واقع ہے۔

ادھر ضلع انتظامیہ کا کہنا ہے کہ 2003 کی ووٹر لسٹ میں جس طرح دو افراد  کے نام کے آگے فلم اداکار کی عرفیت جوڑی گئی ہے یہ ووٹر لسٹ میں جعل سازی ہے جو ایک سنگین جرم ہے۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں تحقیقات کے احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں اور جس شخص نے بھی ووٹر لسٹ میں جعل سازی کر کے امیتابھ بچن کا نام شامل کیا ہے، اس کو سخت کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

ہمیں فالو کریں: 

Follow us: FacebookXinstagram, tiktok

ٹیگس