ہندوستان: منی پور میں شدید کشیدگی، 20 گھر نذر آتش
ہندوستان کی شمال مشرقی ریاست منی پور میں ایک بار پھر کشیدگی اور 20 گھروں کو نذر آتش کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔
سحرنیوز/ہندوستان: ہندوستانی ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق ریاست منی پور میں ناگا اور کوکی طبقات کے درمیان ایک بار پھر شدید کشیدگی کی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔ تازہ کشیدگی میں شرپسندوں نے کم از کم 20 گھروں کو نذر آتش کر دیا ہے۔
اسی سلسلے میں پارلیمنٹ کے ایوان زیریں لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی نے اپنی تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انھوں نے خاص طور سے مرکز کی مودی حکومت کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا ہے کہ "منی پور برسوں سے جل رہا ہے اور آج پھر نفرت اور تشدد کی آگ میں 20 گھر راکھ ہو گئے۔"
یہ بیان راہل گاندھی نے اپنے سوشل میڈیا ہینڈل ’ایکس‘ پر شائع کیا ہے، جس میں ہندی نیوز پورٹل ’دینک جاگرن‘ کی اس خبر کا اسکرین شاٹ بھی لگایا ہے، جس میں 20 گھروں کو نذر آتش کیے جانے کی اطلاع دی گئی ہے۔
اس پوسٹ میں راہل گاندھی نے مرکز کے ساتھ ساتھ ریاستی حکومت کو ہدف تنقید بناتے ہوئے لکھا ہے کہ ’’2 حکومتوں اور صدر راج کے باوجود کشیدگی بڑھتی ہی جا رہی ہے۔ ہزاروں لوگ اپنی جان گنوا چکے ہیں، لاتعداد خاندان اجڑ گئے ہیں۔‘‘ وہ مزید لکھتے ہیں کہ "منی پور جس ناقابل برداشت تکلیف سے گزر رہا ہے، اس کا تصور بھی محال ہے۔"
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok whatsapp channel
راہل گاندھی کا کہنا ہے کہ "یہ مودی حکومت کے اس تخریبی نظریئے کا نتیجہ ہے، جو لوگوں کو مذہب، ذات، زبان، علاقے اور شناخت کے نام پر تقسیم کرتا ہے۔"