ہندوستان: راجستھان میں دردناک حادثہ، کرنٹ لگنے سے 8 مزدوروں کی موت
https://urdu.sahartv.ir/news/india-i458470-ہندوستان_راجستھان_میں_دردناک_حادثہ_کرنٹ_لگنے_سے_8_مزدوروں_کی_موت
ریاست راجستھان کے جھنجھنو ضلعے میں سڑک کی تعمیر کے دوران کرنٹ لگنے سے 8 مزدوروں کی موت ہوگئی اور کئی جُھلس گئے۔
(last modified 2026-11-02T18:47:16+00:00 )
Nov ۰۲, ۲۰۲۶ ۲۲:۱۷ Asia/Tehran
  • ہندوستان: راجستھان میں دردناک حادثہ، کرنٹ لگنے سے 8 مزدوروں کی موت

ریاست راجستھان کے جھنجھنو ضلعے میں سڑک کی تعمیر کے دوران کرنٹ لگنے سے 8 مزدوروں کی موت ہوگئی اور کئی جُھلس گئے۔

سحرنیوز/ہندوستان: میڈیا رپورٹ کے مطابق راجستھان کے جھنجھنو ضلع میں پیر (2 نومبر) کو ایک دردناک حادثہ پیش آیا۔ چھاپولی گاؤں میں سڑک کی تعمیر کے دوران ایک مشین ہائی وولٹیج بجلی لائن کے رابطے میں آ گئی، جس کے باعث 8 مزدوروں کی موت ہو گئی اور 3 خواتین سمیت تقریباً 5 افراد جھلس گئے۔

پولیس کے مطابق یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب سڑک کی تعمیر کے دوران بجری ملانے والی ایک مشین اوپر سے گزر رہی ہائی ٹینشن بجلی لائن کے رابطے میں آ گئی۔ مشین میں بجلی کا کرنٹ پھیل گیا، جس کی زد میں وہاں کام کرنے والے مزدور آ گئے۔

اس واقعے سے مقامی لوگوں میں شدید غم و غصہ پھیل گیا، وہ جائے وقوعہ پر جمع ہوئے اور احتجاج کیا۔ گاؤں والوں نے اموات پر غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے تعمیراتی مقام پر حفاظتی انتظامات یقینی بنانے کے لیے ذمہ دار افراد کی جوابدہی طے کرنے کا مطالبہ کیا۔ گاؤں والوں نے وہاں دھرنا بھی دیا۔

اس حادثے پر ریاستی وزیر اعلیٰ بھجن لال شرما نے گہرے افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’جھنجھنو میں ہوئے حادثے میں کرنٹ لگنے کے باعث حادثاتی موت کی خبر انتہائی تکلیف دہ ہے۔ متعلقہ افسران کو ہدایت دی ہے کہ زخمیوں کا مناسب علاج کرایا جائے، متاثرہ خاندانوں کو فوری طور پر ہر ممکن مدد فراہم کی جائے اور واقعے کی تحقیقات کی جائیں۔‘‘

اس المناک حادثے پر راجستھان کے سابق وزیر اعلیٰ اور کانگریس کے سینئر لیڈر اشوک گہلوت نے بھی افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’جھنجھنو میں کئی مزدوروں کی کرنٹ لگنے سے ہوئی موت بے حد افسوسناک اور تکلیف دہ ہے۔ حادثے میں اپنے اپنے پیاروں کو کھونے والے خاندانوں پر کیا گزر رہی ہوگی، یہ سوچ کر دل انتہائی غمزدہ ہے۔ حکومت کو مرنے والوں کے لواحقین کو مناسب معاوضہ اور ہر ممکن مدد کی فراہمی یقینی بنانی چاہیے۔

ہمیں فالو کریں:

Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok  whatsapp channel