ہندوستان: ریاست پنجاب میں ٹرین میں خوفناک آتش زدگی، 4 بوگیاں جل گئیں
https://urdu.sahartv.ir/news/india-i458610-ہندوستان_ریاست_پنجاب_میں_ٹرین_میں_خوفناک_آتش_زدگی_4_بوگیاں_جل_گئیں
ہندوستان کی ریاست پنجاب میں کرم بھومی ایکسپریس میں آگ لگنے اور چاربوگیوں کے جل جانے کی خبریں ہیں۔
(last modified 2026-11-06T15:52:59+00:00 )
Nov ۰۶, ۲۰۲۶ ۱۹:۲۲ Asia/Tehran
  • ہندوستان: ریاست پنجاب میں ٹرین میں خوفناک آتش زدگی، 4 بوگیاں جل گئیں

ہندوستان کی ریاست پنجاب میں کرم بھومی ایکسپریس میں آگ لگنے اور چاربوگیوں کے جل جانے کی خبریں ہیں۔

سحرنیوز/ہندوستان: ہندوستانی میڈیا خبروں کے مطابق ریاست پنجاب کے ضلع پٹیالہ میں سرائے بنجارہ ریلوے اسٹیشن کے قریب امرتسر نیو جلپائی گوڑی کرم بھومی ایکسپریس کی چار بوگیوں میں اچانک شدید آگ لگ جانے سے سینکڑوں مسافروں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

خبروں میں بتایا گیا ہے کہ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب مسافروں سے بھری ٹرین اپنے سفر پر گامزن تھی، تبھی اچانک ایک بوگی سے سیاہ دھوئیں کے گہرے بادل اٹھنے لگے، جس سے دیگر بوگیاں دھوئیں سے بھر گئیں اور مسافروں میں شدید بے چینی پیدا ہو گئی۔

اطلاعات کے مطابق دیکھتے ہی دیکھتے، آگ کے شعلوں نے چار بوگیوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، جس کے باعث ٹرین کے چلتے ہوئے ہی مسافر اپنی جان بچانے کے لیے محفوظ مقام کی تلاش میں ادھر ادھر بھاگنے لگے۔

قابل ذکر ہے کہ ٹرین میں نصب حفاظتی نظام (سیفٹی میکینزم) نے خرابی کا پتہ چلتے ہی خود بخود کام کرنا شروع کر دیا، جس سے چلتی ہوئی ایکسپریس ٹرین انبالہ ڈویژن کے تحت سرائے بنجارہ کے قریب رک گئی۔ اس طرح حفاظتی نظام کی بدولت ایک بڑا سانحہ ٹل گیا۔

ناردرن ریلوے کے چیف پبلک ریلیشنز آفیسر (سی پی آر او) ہمانشو شیکھر اپادھیائے نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ چار بوگیوں میں آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی فوری طور پر الرٹ جاری کر دیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ "حفاظتی نظام کے بروقت کام کرنے کی وجہ سے ٹرین رک گئی اور آگ پر قابو پانے کی کوششیں کی گئیں۔"

شیکھر اپادھیائے کا کہنا تھا کہ اس واقعے میں کسی کے زخمی یا ہلاک ہونے یا دیگر کسی قسم کے نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔

ہمیں فالو کریں:

Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok  whatsapp channel