نیویارک میں ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے وزرائے خارجہ کا مشترکہ اجلاس
Sep ۲۹, ۲۰۱۵ ۰۷:۲۵ Asia/Tehran
ویانا میں ایٹمی معاہدہ طے پانے کے بعد نیویارک میں ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے وزرائے خارجہ کا پہلا مشترکہ اجلاس تشکیل پایا۔
نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے ستّرویں اجلاس کے موقع پر یورپی یونین کے خارجہ امور کی سربراہ فیڈریکا موگرینی کی شرکت سے ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے وزرائے خارجہ کا مشترکہ اجلاس پیر کے روز منعقد ہوا جو ایک گھنٹے تک جاری رہا۔اس اجلاس کے بعد نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے فرانس کے وزیر خارجہ لوران فابیوس نے ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے وزرائے خارجہ کے اس اجلاس کو اہم قرار دیا۔
یورپی یونین کے خارجہ امور کی سربراہ فیڈریکا موگرینی نے بھی کہا کہ ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے رکن ممالک، اس بات سے بہت خوش ہیں کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے اپنے خطاب میں بیشتر ملکوں کے سربراہوں نے ایٹمی معاہدے کے بارے میں اپنی حمایت کا اعلان کیا ہے۔
واضح رہے کہ چودہ جولائی کو ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے درمیان ویانا میں ایٹمی معاہدہ طے پایا تھا جس کی بنیاد پر ایران کے پرامن ایٹمی پروگرام اور یورپ و امریکہ کی جانب سے ایران کے خلاف پابندیوں سے متعلق مسائل کو حل کیا گیا ۔