تہران میں، گیس برآمد کرنے والے ملکوں کی تنظیم کے اجلاس
گیس برآمد کرنے والے ملکوں کی تنظیم جی ای سی ایف کا ہنگامی وزارتی اجلاس سنیچر کی صبح تہران میں شروع ہوگیا- اجلاس ایران کے پیٹرولیئم کے وزیر بیژن نامدار زنگنہ کی صدرات میں شروع ہوا۔ اجلاس کا مقصد جی ای سی ایف کے سربراہی اجلاس کا ایجنڈا تیار کرنا ہے۔
سنیچر کی شام کو تہران میں گیس برآمد کرنے والے ملکوں کی تنظیم جی ای سی ایف کی جنرل کونسل کا عام اجلاس بھی منعقد ہوگا جس کی صدارت نائیجیریا کے پیٹرولیئم کے وزیر امانوئل ایبے کاچیکوو کریں گے۔
جی ای سی ایف کا سربراہی اجلاس پیر کو اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی کی صدارت میں منعقد ہوگا۔ جب سے یہ تنظیم وجود میں آئی ہے اس وقت سے یہ پہلا موقع ہے کہ تنظیم کے تین اجلاس، سربراہی اجلاس، وزیروں کا ہنگامی اجلاس اور جنرل کونسل کا اجلاس ایک ہی ملک میں منعقد ہورہا ہے۔اس اجلاس میں ترکمنستان کے صدر بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گے۔
اسلامی جمہوریہ ایران، الجزائر، بولیویا، استوائی گنی، لیبیا، نائیجیریا، قطر، روس، ٹرینیڈاڈ و ٹوباگو، ونزوئلا اور متحدہ عرب امارات، تنظیم کے رکن ہیں اور ہالینڈ، ناروے، عراق، عمان اور پیرو جی ای سی ایف کی جنرل کونسل میں ناظر کے عنوان سے شامل ہیں۔