Nov ۲۳, ۲۰۱۵ ۲۰:۰۱ Asia/Tehran
  • جی ای سی ایف تنظیم کے درمیان اتحاد اور ترقی کو یقینی بنانے کی ضرورت: ونیزویلا کے صدر نکولس میدورو
    جی ای سی ایف تنظیم کے درمیان اتحاد اور ترقی کو یقینی بنانے کی ضرورت: ونیزویلا کے صدر نکولس میدورو

ونیزویلا کے صدر نکولس میدورو نے گیس برآمد کرنے والے ملکوں کی تنظیم کے درمیان اتحاد اور ترقی کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

گیس برآمد کرنے والے ملکوں کی تنظیم جی ای سی ایف کے تہران سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر نکولس میدورو نے اجلاس کی میزبانی کرنے پر اسلامی جمہوریہ ایران کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ باہمی تعاون کو مضبوط بناکر اس تنظیم کو مزید ترقی دی جاسکتی ہے۔

انہوں نے گیس برآمد کرنے والے ملکوں کی تنظیم کا چوتھا سربراہی اجلاس لاطینی امریکہ کے ملک بولیویا میں بلائے جانے کی تجویز کی حمایت کی۔ انہوں نے کہا کہ لاطینی امریکہ کے ملکوں میں گیس پائپ لائنوں کا جال بچھایا جا چکا ہے اور یہ شعبہ بہت تیزی کے ساتھ ترقی کر رہا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ گیس برآمد کرنے والے ملکوں کی تنظیم جی ای سی ایف کا تیسرا سربراہی اجلاس پیر کی دو پہر تہران میں شروع ہوا اور شام سات بجے تک جاری رہا۔ اس اجلاس میں روس، عراق، وینیز ویلا، بولیویا، استوائی گنی، نائیجیریا اور ترکمانستان کے صدرور کے علاوہ تنظیم کے رکن اور مبصر ملکوں کے اعلی ترین عہدیدار شریک تھے۔

اسلامی جمہوریہ ایران، روس، الجزائر، مصر، استوائی گنی، لیبیا، نائیجیریا، قطر، وینیزویلا، متحدہ عرب امارات اور ٹرینیڈاڈ و ٹوباگو تنظیم کے مستقل رکن ہیں جبکہ ہالینڈ، ناروے، عراق، عمان، پیرو اور جمہوریہ آذربائیجان کو مبصر کا درجہ حاصل ہے۔

ٹیگس