Jul ۱۳, ۲۰۱۶ ۰۷:۴۸ Asia/Tehran
  • منافقین کے اجتماع میں الفیصل کی شرکت نا سمجھی کی علامت ہے: ظریف

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ نے سعودی عرب کے سابق انٹلی جنس سربراہ کی، دہشت گرد گروہ منافقین کے اجتماع میں شرکت کو اس قسم کےافراد کی نا اہلی اور نا سمجھی سے تعبیر کیا ہے-

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے منگل کو قزاقستان پہنچ کر نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے، پیرس میں دہشت گرد گروہ منافقین کے اجتماع میں سعودی عرب کے سابق انٹلی جنس سربراہ "ترکی الفیصل" کی شرکت پر اپنا ردعمل ظاہرکیا- انہوں نے کہا کہ اس اجتماع اور اجلاس میں الفیصل کی شرکت ان جیسے افراد کی نااہلی اور نادانی کی غماز ہے کہ جو اپنا مستقبل، عراق کے ڈکٹیٹر صدام کی طرح دہشت گردوں سے جوڑ رہے ہیں-

ایران کے وزیر خارجہ نے کہا کہ ترکی الفیصل القاعدہ اور طالبان کو وجود میں لانے والا ہے اور سعودی حکومت میں بھی اس کا کردار انتہائی شرمناک رہا ہے-

جواد ظریف نے اسی طرح پیرس میں دہشت گرد گروہ منافقین کے اجتماع کی میزبانی کے فرانس کے اقدام پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ برسوں سے دہشت گرد گروہ منافقین فرانس میں اجتماع کرتا آ رہا ہے اور جو افراد بھی ان اجتماعات میں شرکت کرتے ہیں وہ دہشت گردوں کی حمایت کرتے ہیں اور یہ کوئی نئی بات نہیں ہے ، ان کی پالیسی ہمیشہ ایسی ہی رہی ہے-

اسی سلسلے میں تہران میں فرانس کے سفیر کو وزارت خارجہ میں طلب کیا گیا اور تہران نے، پیرس میں دہشت گرد گروہ منافقین کے اجلاس کے انعقاد کی بابت اپنا شدید احتجاج پیش کیا -

فرانس کے سفیر نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ فرانس کی حکومت کا اس دہشت گرد گروہ سے کوئی تعلق نہیں ہے اور حکومت اسے سرکاری حیثیت سے تسلیم نہیں کرتی کہا کہ وہ اسلامی جمہوریہ ایران کے احتجاج کو جلد از جلدفرانس کے حکام تک منتقل کریں گے-

 

 

 

ٹیگس