ٹیم بی نے سبق نہیں سیکھا دنیا درس لے، ایران
ایران کے وزیر خارجہ نے ایٹمی معاہدے کو ختم کرنے کے لئے ٹیم بی کے تخریبی اقدامات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس ٹیم نے ماضی سے سبق نہیں سیکھا لیکن دنیا کو چاہئے کہ ماضی پر توجہ دے کر درس حاصل کرے۔
وزیرخارجہ ڈاکٹر محمد جواد ظریف نے منگل کو اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ امریکہ کے قومی سلامتی کے مشیر جان بولٹن اور صیہونی حکومت کے وزیر اعظم بنیامین نتن یاہو نے دو ہزار پانچ میں تین یورپی ملکوں اور ایران کے درمیان پیرس معاہدے کو ایران کی جانب سے یورینیم کی افزودگی صفر پر پہنچانے پر اصرار کے ذریعے نابود کر دیا تھا۔
ایران کے وزیر خارجہ نے کہا کہ ان کا یہ اقدام اس بات کا باعث بنا تھا کہ ایران دو ہزار بارہ تک یورینیم کی افزودگی دوگنا کردے۔انھوں نے کہا کہ ٹیم بی نے اس وقت اسی گمان کے تحت امریکی صدر ٹرمپ کو فریب دیا ہے تاکہ ایٹمی معاہدے کو ختم کیا جا سکے۔
اس سے قبل ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے اعلان کیا تھا کہ امریکہ کے قومی سلامتی کے مشیر بولٹن، صیہونی حکومت کے وزیر اعظم بنیامین، سعودی ولیعہد بن سلمان اور ابوظہبی کے ولیعہد بن زاید پر مشتمل ٹیم بی، علاقے میں جنگ کی آگ بھڑکانے کی کوشش کر رہی ہے۔