نیویارک میں ایرانی وزیر خارجہ کی رفت و آمد پر پابندی
ایران کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ امریکہ میں ایرانی وفد کی رفت و آمد کو تین مقامات تک محدود کر دیا گیا۔
اپنے ایک ٹوئٹ میں سی بی ایس ٹیلی ویژن کے ساتھ اپنے انٹرویو کا لنک دیتے ہوئے ایران کے وزیر خارجہ نے لکھا ہے کہ یہ انٹرویو اقوام متحدہ میں ایرانی سفیر کی رہائشگاہ پر ریکارڈ کیا گیا ہے جو ایسے تین مقامات میں سے ایک ہے جہاں ایرانی وفد کو جانے آنے کی اجازت ہے۔
ایران کے وزیر خارجہ، اقوام متحدہ کی اقتصادی اور سماجی کونسل کے اجلاس میں شرکت کی غرض سے ان دنوں امریکہ کے دورے پر ہیں، تاہم ٹرمپ انتظامیہ نے پابندیاں عائد کرتے ہوئے نیویارک میں ان کی سرگرمیوں کو محدود کر دیا ہے۔
امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے بھی کہا ہے کہ ایران کے وزیر خارجہ اور ان کے ہمراہ آنے والے وفد کا ویزہ صرف اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر، بلاک چھے میں واقع ایرانی نمائندہ دفتر اور اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر کے قریب واقع ایرانی سفیر کی رہائش گاہ کے درمیان رفت آمد کی اجازت دیتا ہے۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان سید عباس موسوی نے نیویارک میں وزیر خارجہ کی رفت و آمد محدود کیے جانے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ امریکی حکام، ملکی اور عالمی رائے عامہ پر ایران کے وزیر خارجہ کے دورے کے اثرات سے پریشان دکھائی دیتے ہیں۔